وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ حادثہ: جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے 25 لاکھ روپے، مستقل ملازمت اور بچوں کی مفت تعلیم کا اعلان
اسٹیل کے مرکزی وزیر کمارسوامی نے بتایا کہ نیشنل اسپات نگم لمیٹڈ کے اسٹیل میلٹ شاپ-1 میں پیر کی شام پگھلے ہوئے اسپات کی ڈھلائی کے دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس میں 8 مزدوروں کی موت ہو گئی۔

وشاکھا پٹنم کے اسٹیل پلانٹ میں ڈھلائی کے دوران پگھلے ہوئے اسٹیل کے گرنے کے سبب دھماکہ ہوا اور 8 مزدوروں کی دردناک موت ہو گئی۔ جبکہ اس حادثے میں 6 دیگر مزدور زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد حادثے میں جان گنوانے والے مزدوروں کے اہل خانہ کے لیے مرکزی حکومت نے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت حکومت ہر متوفی کے اہل خانہ کو 25-25 لاکھ روپے دے گی۔ ساتھ ہی حکومت نے خاندان کے کسی ایک فرد کو ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کے امدادی فنڈ سے بھی 2-2 لاکھ روپے کی امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔
اسٹیل کے مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی نے بتایا کہ نیشنل اسپات نگم لمیٹڈ (ویزاگ اسٹیل پلانٹ) کے اسٹیل میلٹ شاپ-1 میں پیر کی شام پگھلے ہوئے اسپات کی ڈھلائی کے عمل کے دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس میں 8 مزدوروں کی موت ہو گئی۔ کمار سوامی نے دیر رات بتایا کہ ’’ہم ہر ایک جاں بحق مزدور کے خاندان کو 25 لاکھ روپے کی امدادی رقم دیں گے، خواہ وہ مستقل ملازم ہو یا آؤٹ سورس ملازم۔ ہر ایک متاثرہ خاندان کے ایک رکن کو مستقل ملازمت دی جائے گی اور بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔‘‘ مرکزی وزیر نے 8 مزدوروں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ امدادی پیکج قانونی فوائد جیسے انشورنس، پروویڈنٹ فنڈ، گریچویٹی اور دیگر واجبات سے الگ ہوگا۔
کمار سوامی کے مطابق جاں بحق ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کو ان کی ریٹائرمنٹ کے مقررہ مدت تک پلانٹ کے رہائشی کوارٹر میں رہنے کی اجازت دی جائے گی۔ جو خاندان ٹاؤن شپ سے باہر رہتے ہیں، انہیں ان کی اہلیت کے مطابق رہائش بھی فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی متوفیوں کے بچوں کو آر آئی این ایل کے ملازمین کے بچوں کی طرح تعلیم جاری رکھنے کی سہولت دی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات آر آئی این ایل برداشت کرے گا اور شدید زخمی ہونے والے مزدوروں کو 10 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔
مرکزی وزیر نے ملازمین سے کہا کہ انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور یقین دلایا کہ مرکزی حکومت وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی بحالی اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہر جاں بحق شخص کے قریبی لواحقین کے لیے وزیر اعظم کے قومی امدادی فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
اسٹیل کے مرکزی وزیر کمار سوامی نے اس حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے دیگر اسٹیل پلانٹس کے ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ کمیٹی کے اراکین منگل کو وشاکھاپٹنم پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گے اور حادثے کی وجوہات اور مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کے اقدامات پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کی حفاظت اور بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
