ویریندر سہواگ کی بیوی کے ساتھ دھوکہ، 4.5 کروڑ کا لگا چونا، کیس دَرج

سہواگ کی بیوی آرتی کے ساتھ دھوکہ دہی کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ آرتی نے اکونومی آفنس وِنگ سیل میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے اپنے پارٹنر پر 4.5 کروڑ کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے سابق کرکٹر ویریندر سہواگ کی بیوی آرتی سہواگ کے ساتھ دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آرتی نے اپنے بزنس پارٹنر کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کرایا ہے۔ خبروں کے مطابق آرتی نے اپنے بزنس پارٹنر پر ان کے نقلی دستخط کر کے 4.5 کروڑ روپے کا قرض لینے اور پھر اس کی ادائیگی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کیس درج کرایا ہے۔


آرتی نے الزام عائد کیا ہے کہ دہلی کے اشوک وہار واقع روہت ککر نامی ایک شخص نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ آرتی، روہت کے ساتھ ایک فرم میں پارٹنر بنی تھی۔ آرتی اور روہت سمیت اس فرم میں 6 دیگر لوگ پارٹنر تھے۔ آرتی کا الزام ہے کہ ان لوگوں نے مل کر ان کے ساتھ تقریباً ساڑھے چار کروڑ روپے کا فراڈ کیا ہے۔

غور طلب ہے کہ حال ہی میں 2.5 کروڑ روپے کا ایک چیک باؤنس معاملہ میں غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد سابق کرکٹر ویریندر سہواگ کی بیوی آرتی سہواگ 4 جولائی کو گریٹر نوئیڈا واقع سورج پور ضلع عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔ اس کے بعد انھیں ضمانت مل گئی تھی۔


بہر حال، آرتی کی شکایت کے بعد دہلی پولس کی ای او ڈبلیو سیل نے ملزمین کے خلاف دفعہ 420 کے تحت کیس درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Jul 2019, 2:10 PM