منی پور کے اکھرول میں پھر پھوٹ پڑا تشدد، 5 روز کے لیے انٹرنیٹ بند، کرفیو بھی نافذ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اکھرول تشدد کی شروعات ہفتہ کی رات کو ہوئی تھی جب لیٹن گاؤں میں 8-7 لوگوں نے تانگ کھل ناگا برادری کے ایک شخص کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کی تھی۔

نئی حکومت کی تشکیل کے کچھ دنوں بعد ہی منی پور میں ایک بار پھر تشدد پھوٹ پڑا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق کچھ مسلح شرپسندوں نے لیٹن ساریکھونگ گاؤں میں کئی گھروں کو آگ لگا دی۔ اس واقعہ کے بعد حالات بگڑنے کے پیش نظر انتظامیہ نے پورے ضلع میں کرفیو نافذ کر دیا اور انٹرنیٹ خدمات کو 5 دنوں کے لیے معطل کر دیا ہے، تاکہ مزید تشدد اور افواہوں کو روکا جا سکے۔
افسران نے بتایا کہ مسلح گروپوں نے پہاڑی گاؤں کے پاس ہوا میں کئی راؤنڈ فائرنگ کی، جس سے علاقے میں دہشت پھیل گئی۔ کئی گاؤں والے ضروری سامان لے کر پڑوسی ضلع کانگ پوکپی کے محفوظ علاقوں کی طرف بھاگ گئے۔ تانگ کھل گاؤں کے کئی شہریوں کے بھی علاقہ چھوڑنے کی اطلاع ملی ہے۔
بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر منی پور حکومت کے ہوم کمشنر نے اکھرول ضلع میں فوری اثر سے انٹرنیٹ خدمات کو 5 دنوں کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ واقعات سے کافی بدامنی پھیلی ہے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے تشدد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے حالات پر قابو پانے اور افواہوں کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ خدمات کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی آتشزدگی کے واقعات کے بعد اکھرول ضلع کے کچھ حصوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا اور مزید تشدد کو روکنے کے لیے سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اکھرول تشدد کی شروعات ہفتہ کی رات کو ہوئی تھی جب لیٹن گاؤں میں 8-7 لوگوں نے تانگ کھل ناگا برادری کے ایک شخص کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کی تھی۔ معاملہ سلجھنے کی امید تھی لیکن اتوار کو میٹنگ نہ ہو سکی۔ اس کے بعد پیر کی نصف رات کو کچھ مسلح شرپسندوں نے لیٹن سارئی کھونگ میں تانگ کھل ناگا برادری کے گھروں کو آگ لگا دی۔ اس کے بعد ناگا برادری نے کوکی برادری کے گھروں کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ’کے لنگ ویرام‘ گاؤں میں بھی ایک گھر کو جزوی طور پر جلایا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پیر کی رات تقریباً 12.10 بجے کے لنگ ویرام گاؤں میں آگ لگنے کا ایک چھوٹا سا واقعہ پیش آیا، جس سے ایک رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ سیکورٹی فورسز نے فوراً موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کی تفتیش کی جا رہی ہے اور حالات معمول پر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔