’ڈائن‘ بتا کر بزرگ خاتون پر کیا گیا ظلم، معاملہ پہنچا ہائی کورٹ

ظلم اور غیر انسانی رویہ پر سابق ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل کی زبانی شکایت پر ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

شملہ: ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں سرکاگھاٹ سے ملحق سماہل گاؤں میں 81 سال کی بزرگ وبے سہارا خاتون کو ڈائن قرار دے کر اس کے ساتھ جو ظلم کیا گیا۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ ظلم اور غیر انسانی رویہ پر سابق ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل کی زبانی شکایت پر ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔

چیف جسٹس ایل نارائن سوامی نے ایک وکیل کی زبانی شکایت پر سخت نوٹس لیتےہوئے ریاستی حکومت سے ایک ہفتے میں واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ ہائی کورٹ نے واقعہ پر پولس اور ضلع انتظامیہ سے اب تک کی گئی کارروائی کی بھی جانکاری طلب کی ہے۔ شکایت کنندہ سابق ڈپٹی ایڈوکیٹ ونے شرما نے چیف جسٹس کے سامنے زبانی شکایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی خاتون پر پانچ مرتبہ حملے ہوچکے ہیں۔


شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ عدالت نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ متاثرہ کو کسی بھی طرح کی امداد دینے میں کوتاہی نہیں برتی جائے۔ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ غیر انسانی واقعہ پر حکومت سخت کارروائی کرے گی اور عدالت کو رپورٹ سونپے گی۔

واضح رہے کہ سرکاگھاٹ کے سماہل گاؤں میں 81 سال کی بزرگ خاتون کو گاؤں والوں نے ’ڈائن‘ بتا کر منھ کالا کرکے، جوتے کی مالا پہنائی تھی اور پورے گاؤں میں گھمایا تھا۔ وائرل ویڈیو سے اس کے بارے میں علم ہوا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں 21 لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 14 مرد اور سات خواتین ہیں۔ دیوتا کی پجارن کو بھی پولس نے حراست میں لے لیا۔ اس میں 17 لوگوں کو پولس نے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے جبکہ دیگر چار کو آج کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔