دلت سے شادی کرنے والی بی جے پی ایم پی کی بیٹی کو اپنے والد سے خطرہ! ویڈیو وائرل

اتر پردیش کے بریلی میں بی جے پی رکن اسمبلی راجیش مشرا کی بیٹی نے دلت نوجوان سے شادی کے بعد اپنی جان کو خطرہ بتایا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں اپنے شوہر اجتیش کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت کے دبنگ رکن اسمبلی کی بیٹی نے پولس سے اپنی سیکورٹی کی گزارش کی ہے۔ بریلی کے بتھری چین پور سے بی جے پی رکن اسمبلی راجیش مشرا کی بیٹی ساکشی مشرا نے اپنے والد سے ہی جان کو خطرہ بتایا ہے۔ ساکشی نے اپنے والد سے یہ خطرہ اس لیے بتایا کیونکہ انھوں نے دلت نوجوان سے محبت کی شادی کر لی ہے۔


سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے مطابق ساکشی مشرا نے کہا کہ اسے ایک دلت نوجوان سے محبت ہو گئی تھی جس کے بعد اس نے شادی کر لی۔ اس شادی سے والد راجیش مشرا اور ان کے حامی خوش نہیں ہیں اور دلت نوجوان کے ساتھ ساتھ اس کی فیملی کو بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔


ساکشی مشرا نے سوشل میڈیا پر شیئر ایک دوسرے ویڈیو میں اپنے والد، بھائی اور ان کے ساتھیوں سے اپنی جان کو خطرہ بتاتے ہوئے بریلی کے ایس ایس پی سے سیکورٹی کی گزارش کی ہے۔ اس کے علاوہ ساکشی نے بریلی کے رکن اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ سے اپنے والد کی مدد نہ کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے والد اس کا قتل کرنا چاہتے ہیں۔

دلت سے شادی کرنے والی بی جے پی ایم پی کی بیٹی کو اپنے والد سے خطرہ! ویڈیو وائرل

دراصل بی جے پی رکن اسمبلی کی بیٹی نے والد کی مرضی کے خلاف ایک دلت فیملی میں شادی کر لی۔ اس سے ناراض بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنے آدمیوں کو ان کے پیچھے لگا دیا ہے۔ اس بات کا انکشاف ساکشی مشرا نے خود ویڈیو میں کیا ہے۔ ویڈیو میں ساکشی اور اس کا شوہر دونوں ہی بریلی پولس سے گزارش کر رہے ہیں کہ ان کی مدد کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پولس نے بھی ان کی مدد نہیں کی تو ان کی جان بچنا مشکل ہے۔

اس ویڈیو سے متعلق ڈی آئی جی آر کے پانڈے کا کہنا ہے کہ ’’مجھے ویڈیو کے بارے میں جانکاری ملی ہے اور میں نے ایس ایس پی کو انھیں سیکورٹی مہیا کرانے کے لیے کہہ دیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ بریلی بتھری چین پور سیٹ سے رکن اسمبلی راجیش مشرا کی بیٹی ساکشی نے ایک دلت سے پیار کیا اور شادی کر لی۔ اب دونوں شوہر و بیوی اپنی جان بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Jul 2019, 2:10 PM
/* */