اب 6 دسمبر کو نہیں منایا جائے گا ’شوریہ دیوس‘، وی ایچ پی اور آر ایس ایس کا اعلان

وی ایچ پی ترجمان شرد شرما نے بتایا کہ ’’سپریم کورٹ سے رام لّلا کے حق میں آئے فیصلہ کے بعد اب مندر تعمیر کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ اس لیے 6 دسمبر کو ’شوریہ دیوس‘ کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ سے ایودھیا ایشو پر آئے فیصلہ کے بعد آر ایس ایس بہت پھونک پھونک کر قدم رکھ رہا ہے۔ آر ایس ایس اس ایشو پر بہت احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ اسی وجہ سے اس بار 6 دسمبر کو ہونے والے ’شوریہ دیوس‘ (یومِ بہادری) کو منعقد نہیں کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ آر ایس ایس ذرائع کے مطابق ’’رام مندر ایشو پر سپریم کورٹ سے آئے فیصلے کے بعد جس طرح پرامن ماحول رہا ہے، ویسا ہی ماحول آگے بھی بنا رہے، اس کے پیش نظر فیصلہ لیا گیا کہ شوریہ دیوس نہ منایا جائے۔‘‘

آر ایس ایس نے اس تعلق سے اپنی ذیلی تنظیم وی ایچ پی کو الرٹ کر رکھا ہے۔ شوریہ دیوس کے چکر میں زیادہ جوش میں کوئی ایسا واقعہ نہ ہو جائے جسے لے کر تنازعہ کھڑا ہو اور مندر کا ایشو پھنس جائے۔ اسی وجہ سے 6 دسمبر کو ہونے والے شوریہ دیوس پروگرام کو نہیں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی آر ایس ایس چاہتی ہے کہ اس ایشو پر فیصلہ آنے کے بعد مسلم طبقہ کے زیادہ تر لوگوں نے جس طرح سے اسے قبول کیا ہے، اسے دیکھتے ہوئے کسی طرح کی شعلہ انگیز بیان بازی نہ کی جائے۔ اسی وجہ سے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے نظر ثانی عرضی پر سبھی کو بولنے سے منع کیا گیا ہے۔


دونوں تنظیمیں چاہتی ہیں کہ اس ایشو پر کہیں کچھ بھی ایسا نہ ہو، جس سے مسلم سماج کے دل میں کوئی اندیشہ پیدا ہو۔ اسی وجہ سے وہ بہت سوچ سمجھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وی ایچ پی کے ترجمان شرد شرما نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’’سپریم کورٹ سے رام للا کے حق میں آئے فیصلہ کے بعد اب مندر تعمیر کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ اسی لیے 6 دسمبر کو وی ایچ پی کے عہدیداروں نے شوریہ دیوس کی اس تقریب کو منعقد کرنے سے منع کر دیا ہے۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ شوریہ دیوس کے پروگرام کو ملتوی کرنے کا فیصلہ وی ایچ پی عہدیداروں نے لے کر ملک میں امن اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا کام کیا ہے۔ شرد شرما نے کہا کہ وی ایچ پی نہیں چاہتی ہے کہ عدالت کے اتنے بڑے فیصلہ کو ہم دو چار گھنٹے تک محدود کر دیں۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’6 دسمبر کا واقعہ ہندوؤں کو ہمیشہ عزت اور وقار کا احساس کرتا رہے گا۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ وی ایچ پی شوریہ دیوس منانے کی جگہ مٹھ اور مندروں و گھروں میں دیپ جلانے کا کام کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔