اتراکھنڈ میں شدید بارش: الموڑا میں مکان گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک، دہرادون اور ٹہری میں اورنج الرٹ
اتراکھنڈ میں مسلسل بارش سے حالات بگڑ گئے ہیں۔ الموڑا میں مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دہرادون اور ٹہری میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری ہے

اتراکھنڈ میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں حالات خراب ہو گئے ہیں۔ ندی نالوں میں آبی سطح بڑھنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے واقعات کے درمیان الموڑا ضلع میں ایک مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی۔ حادثہ منگل کی علی الصبح پیش آیا، اس وقت خاندان کے افراد مکان کے اندر سو رہے تھے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی علاقوں میں شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ظاہر کیا ہے۔
الموڑا ضلع کے ودویّا گاؤں میں مسلسل بارش کے دوران اچانک ایک مکان منہدم ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ علی الصبح اس وقت پیش آیا جب خاندان کے افراد گھر کے اندر سو رہے تھے۔ مکان گرنے کی تیز آواز اور چیخ و پکار سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور پولیس و انتظامیہ کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف، پولیس، محکمہ مال، فائر سروس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ مقامی لوگوں کی مدد سے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ کافی کوشش کے بعد تینوں افراد کو ملبے سے باہر نکالا گیا، لیکن اس وقت تک ان کی موت ہو چکی تھی۔
محکمہ موسمیات نے منگل کو اتراکھنڈ کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ گرج چمک اور طوفان کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دہرادون اور ٹہری اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پاؤڑی گڑھوال، اترکاشی، رودرپریاگ، چمولی، باگیشور، چمپاوت، نینی تال اور ہریدوار کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی برقرار ہے۔
گزشتہ دو روز سے جاری بارش نے الموڑا کے علاوہ ریاست کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر کیے ہیں۔ دہرادون کے دلان والا علاقے میں موہنی روڈ پر پل کے قریب رات تقریباً ایک بجے رسپنا ندی کا پانی تیزی سے بڑھ گیا۔ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث آس پاس رہنے والے لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس کی ٹیمیں سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں گشت کر رہی ہیں اور ندی نالوں سمیت دیگر آبی ذخائر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
مسلسل بارش کے باعث پیر کو مسوری-دہرادون روڈ پر پانی والا موڑ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ ملبہ، پتھر اور درخت سڑک پر گرنے سے ٹریفک متاثر ہوا اور راستہ بند ہوگیا۔ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر دہرادون اور پتھورا گڑھ میں یکم ستمبر کو جماعت اول سے بارہویں تک کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو بند رکھا گیا ہے۔
ادھر اترکاشی میں رانا چٹی کے قریب پہاڑی سے ملبہ اور درخت گرنے کے باعث یمنوتری ہائی وے بھی مکمل طور پر بند ہوگیا تھا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹایا، جس کے بعد سڑک پر ٹریفک بحال کردی گئی۔ انتظامیہ مسلسل بارش کے درمیان حساس علاقوں، ندی نالوں اور سڑکوں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
