یوپی میں آفت کی بارش، 200 افراد ہلاک، لکھنؤ میں ایک دن میں 4 عمارتیں منہدم

یوپی میں راجدھانی لکھنؤ سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں میں بھاری بارش ہونے کا انتباہ دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں لگاتار ہو رہی بارش آفت بن چکی ہے۔ لکھنؤ سمیت زیادہ تر اضلاع میں کئی دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی راحت کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔ اتر پردیش محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جے پی گپتا کے مطابق اگلے دو تین دن تک کئی اضلاع میں بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ بارش نے گذشتہ 5 سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

دوسری طرف تیز بارش کی وجہ سے راجدھانی لکھنؤ کے مختلف علاقوں میں ایک ہی دن میں 4 عمارتیں زمیندوز ہو گئیں۔

پہلا واقعہ گنیش گنج میں پیش آیا جہاں مکان گرنے سے ایک بچی اور اس کی ماں شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔ دونوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں بچی کی موت ہو گئی۔ حادثہ کے وقت گھر کے دیگر افراد باہر گئے ہوئے تھے۔

دوسرا واقعہ امین آباد کی بتاشے والی گلی میں پیش آیا جہاں ایک پرانا اور کمزور مکان بھربھراکر گر گیا۔ حالانکہ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

عمارت گرنے کا تیسرا واقعہ ادے گنج میں پیش آیا۔ یہاں سے 4 لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

عمارت گرنے کا چوتھا واقعہ لکھنؤ کے لال کنواں علاقہ میں پیش آیا۔ یہاں عمارت گرنے سے ایک بچی زخمی ہو گئی۔

بھاری بارش کے باعث پچھلے ایک مہینے میں 200 ساے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً 1259 مکان تباہ ہو گئے ہیں۔ وہیں سینکڑوں جانور بھی متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کے سبب کئی اضلاع میں ندیوں کی آبی سطح بڑھ جانے کی وجہ سے سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ اپھنتی ندییوں کا پانی گاؤں میں گھس گیا ہے۔ فیص آباد میں سریو ندی کی آبی سطح بڑھنے کی وجہ سے زمین کے کٹان میں تیزی آ گئی ہے۔ وہیں سیتاپور ضلع کے گانجری علاقہ میں گھاگھرا اور شاردا ندیاں خطرناک سطح پر بہہ رہی ہیں، یہاں 38 گاؤں میں سیلاب کا خطرہ لا حق ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔