اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ہیلی کاپٹر کی مشکل حالات میں ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جب ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی، اُس وقت ہیلی کاپٹر دھوئیں سے بھر چکا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی لوگ محفوظ بتائے جا رہے ہیں، انھیں کسی طرح کی چوٹ نہیں پہنچی ہے۔
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ہیلی کاپٹر کو آج لکھنؤ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ کوشامبی جاتے وقت ہیلی کاپٹر میں اچانک خرابی آ گئی، جس سے مشکل حالات پیدا ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اچانک ڈسپلے چلا گیا اور کیبن میں دھواں بھر گیا۔ حالانکہ نائب وزیر اعلیٰ اور سبھی سیکورٹی اہلکار ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد محفوظ ہیں۔ وہ سڑک کے راستہ سے کوشامبی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ ہیلی کاپٹر سے کوشامبی کے لیے پرواز بھر چکے تھے، تبھی پائلٹ کو تکنیکی خرابی کا پتہ چلا۔ حفاظتی نکتہ نظر سے فوراً ہیلی کاپٹر کی لکھنؤ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جب ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ ہوئی تو اندر دھواں بھرا ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی لوگ محفوظ بتائے جا رہے ہیں، انھیں کسی طرح کی چوٹ نہیں پہنچی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں خرابی کی خبر ملتے ہی انتظامیہ اور سیکورٹی سے جڑے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ تکنیکی ٹیم ہیلی کاپٹر میں آئی خرابی کی جانچ کر رہی ہے۔ ایمرجنسی لینڈنگ کے وقت بھی ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے تھے۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر زمین پر اترا، سیکورٹی اور تکنیکی ٹیموں نے فوراً اسے گھیرے میں لے لیا اور نائب وزیر اعلیٰ کو محفوظ مقام تک لے جایا گیا۔ ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں خرابی کیوں پیدا ہوئی اور اندر دھواں کیوں پھیل گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔