اتر پردیش میں ’مڈ ڈے میل‘ گھوٹالہ، 29 افراد کے خلاف مقدمہ درج

پولس نے تقریباً 29 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ انہوں نے الاٹ کیے گئے اناج کو بازار میں فروخت کیا ہے۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کے تین اضلاع رائے بریلی، قنوج اور پرتاپ گڑھ میں ہوئے ایک بڑے مڈ ڈے میل (اسکولوں میں دیا جانے والا دوپہر کا کھانا) گھوٹالہ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولس نے تقریباً 29 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ انہوں نے الاٹ کیے گئے اناج کو بازار میں فروخت کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے آئی این ایس کی رپورٹ کے مطابق، رائے بریلی میں ایک نجی کاروباری کے گودام میں اس اسکیم کے لئے بھاری مقدار میں آنے والے راشن کی برآمدگی کے لئے چھاپہ ماری کے بعد پرتاپ گڑھ کے چار سپروائیزروں اور 17 آنگن باڑی کارکنان کو معطل کر دیا گیا۔ رائے بریلی کے سلون بلاک کے گودام میں اناج سے بھری ہوئی تقریباً 155 بوریاں (تقریباً 93000 کلوگرام) برآمد ہوئیں، جنہیں پڑوس کے ضلع پرتاپ گڑھ سے لایا گیا تھا۔


محکمہ جاتی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مڈ ڈے میل کے لیے آیا یہ اناج پرتاپ گڑھ کے رامپور-سنگرام گڑھ اور رامپور خاص بلاکوں کے لئے تھا، جسے غیر قانونی طور پر رائے بریلی کے کاروباریوں کو بیچ دیا گیا۔

انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈی ایس) کے ڈائریکٹر شتروگھن سنگھ کے مطابق تفتیشی رپورٹ کی بنیاد پر کاروباری کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن باڑی کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم بھی صادر کر دیا گیا ہے۔


شتروگھن سنگھ نے کہا کہ پرتاپ گڑھ ضلع پروگرام آفیسر (ڈی پی او) پی کے یادو اور چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ افسر (سی ڈی پی او) کے خلاف محکمہ جاتی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح مڈ ڈے میل اسکیم کی تقسیم کاری میں بے ضابطگیاں ظاہر ہونے کے بعد قنوج میں چار خاتون ملازمین اور ایک چیف کلرک کو معطل کر دیا گیا ہے۔

قنوج میں ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) کی ٹیم نے مڈ ڈے میل کے لئے الاٹ اناج بھاری مقدار میں ایک آٹو رکشہ سے برآمد کیا تھا جسے کہیں لے جایا جا رہا تھا۔ ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کی طرف سے رپورٹ سونپے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2019, 2:10 PM
/* */