اتر پردیش: ووٹر لسٹ کی جانچ کے لیے آج سے شروع ہو رہی خصوصی مہم، 20 نومبر تک چلے گا ’ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز‘
ووٹر لسٹ کی ’خصوصی گہری نظرثانی‘ کے تحت اتر پردیش کے تمام پولنگ مراکز پر 17 نومبر سے 20 نومبر تک ’ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات 2027 سے قبل ووٹر لسٹ کو درست کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی ایک اہم پیش رفت آج سے شروع ہونے والی ہے۔ ووٹر لسٹ کی ’خصوصی گہری نظرثانی‘ کے تحت ریاست کے تمام پولنگ مراکز پر آج 17 نومبر سے 20 نومبر تک ’ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس دوران بوتھ لیول افسران (بی ایل او) اور بی ایل او سپروائزر ووٹر لسٹ کی باریکی سے جانچ کریں گے۔ اس مہم کا مقصد ووٹر لسٹ میں موجود غلطیوں، بے ضابطگیوں اور دوہری اندراجات کی نشاندہی کر کے انہیں ضابطوں کے مطابق درست کرنا ہے۔ چیف الیکشن آفیسر نودیپ رنوا نے اس سلسلے میں ریاست کے تمام ضلع الیکشن افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹ کی جانچ 2 سطحوں پر کرائی جائے گی۔ پہلی سطح پر ہر بی ایل او اپنے مختص کردہ بوتھ کی مکمل ووٹر لسٹ کی تصدیق کرے گا۔ دوسری سطح پر بی ایل او سپروائزر اپنے ماتحت آنے والے تمام بوتھوں پر ووٹر لسٹ کی مجموعی جانچ کریں گے۔
17 نومبر سے ہر بی ایل او کو متعلقہ بوتھ کی مسودہ ووٹر لسٹ فراہم کی جائے گی۔ جانچ کے دوران ووٹروں کے نام، والد یا شوہر کے نام، رشتہ داروں کی تفصیلات اور عمر سے متعلق غلطیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ غیر معمولی طور پر زیادہ عمر درج ہونے والے ووٹروں کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ ساتھ ہی ووٹر کے نام اور تصویر کی بنیاد پر جنس کے درست اندراج کی جانچ کی جائے گی۔ ووٹر کے رشتہ دار کی جنس سے متعلق تفصیلات کی بھی تصدیق کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے مقامی اور علاقائی زبان کی جانچ کی بھی ہدایات دی ہیں، تاکہ ووٹر لسٹ میں غیر ضروری طور پر دوسری ریاستوں کی زبان کا استعمال نہ ہو۔
اس خصوصی مہم کے دوران ایک ہی ووٹر کے نام پر ایک سے زیادہ اندراجات اور ایک جیسی تفصیلات کے ساتھ ڈپلیکیٹ اندراجات کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر واضح، دھندلی اور ناقص کوالٹی والی تصاویر کو نشان زد کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے ہدایت دی ہے کہ جانچ کے دوران ملنے والی سبھی غلطیوں اور تضادات کا ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا، تاکہ دعوے اور اعتراضات درج کرانے کی مدت میں اصول و ضوابط کے مطابق ترمیم کیا جا سکے۔ اس پوری مہم کی نگرانی ’الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر‘ (ای آر او) اور ’اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر‘ (اے ای آر او) کریں گے۔ انہیں روزانہ جائزہ لینے اور 17 سے 20 نومبر کے درمیان تمام بوتھوں پر چیکنگ مکمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
