اُرملا ماتونڈکر کانگریس میں شامل، موجودہ حالات پر کیا اظہارِ فکر

کانگریس کی رکنیت اختیار کرنے کے بعد اُرملا ماتونڈکر نے کہا کہ ’’اس وقت اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ ہو رہا ہے اور بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔ یہ ایسے ایشوز ہیں جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اُرملا ماتونڈکر نے کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد باضابطہ پارٹی کی رکنیت اختیار کر لی۔ راہل گاندھی نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا اور سیاسی میدان میں ان سے عوام کے حق میں مثبت قدم اٹھانے کی امید ظاہر کی۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ارملا ماتونڈکر کے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممبئی شمال مغربی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار سنجے نروپم اور ممبئی کانگریس کے صدر ملند دیوڑا بھی موجود تھے۔

اُرملا ماتونڈکر کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی کی ایک تصویر بھی پارٹی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی گئی ہے جس میں وہ پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے بالی ووڈ اداکارہ کا پارٹی میں استقبال کرتے نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد اُرملا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اپنے عزائم کا بھی اظہار کیا اور موجودہ حالات پر بھی اپنا نظریہ سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گلیمر نہیں بلکہ نظریاتی چیزوں کو سامنے رکھ کر میں نے کانگریس کی رکنیت اختیار کی۔ آج ملک میں جس طرح کا ماحول ہے، اسے بدلنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے کانگریس ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔‘‘

بالی ووڈ اداکارہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ کہنے میں بھی پرہیز نہیں کیا کہ ’’آج اظہارِ رائے کی آزادی پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ بے روزگاری کافی بڑھ گئی ہے۔ اس طرح کے ایشوز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ راہل گاندھی سے متعلق اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ملک کو ایک ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، ایک ایسا لیڈر جو کسی طرح کی تفریق نہ کرے اور راہل گاندھی ایسے ہی لیڈر ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Mar 2019, 4:09 PM