تیس مہینوں کی حکمرانی میں یو پی کی تصویر بدل دی، یوگی کا دعویٰ

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دعوی کیا کہ بی جے پی حکومت کی بہتر طرز حکمرانی نے ریاست کی تصویر بدل دی ہے، ریاست میں کرائم ریٹ میں بدریج گراوٹ درج کی گئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں اپنی حکومت کے میعاد کار کا آدھا سفر مکمل ہونے پر ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دعوی کیا کہ بی جے پی حکومت کی بہتر طرز حکمرانی نے ریاست کی تصویر بدل دی ہے۔ریاست میں کرائم ریٹ میں بدریج گراوٹ در ج کی گئی ہے۔

ریاستی حکومت کے ڈھائی سال مکمل ہونے کی مناسبت پر منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں دو لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری آئی ہے اور 20 لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ساتھ ہی ایم ایس ایم سی سیکٹر اور یو پی کے’’ ایک ڈسٹرکٹ،ایک پروڈکٹ‘ ‘(او ڈی او پی) اسکیم سے 30 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ برآمدات میں یو پی سرفہرست رہا۔

دو نائب وزرائے اعلی کیشو پرساد موریہ اور دنیش شرما ،یوپی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ کی موجودگی میں وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں ڈکیتی کے واردات میں 54 فیصدی، ریپ میں 36فیصدی ،قتل میں 15، لوٹ میں 45 فیصدی ، اغوا میں 30 فیصدی اور تشدد کے وارادتوں میں 38 فیصدی کمی آئی ہے۔

تیس مہینوں کی حکمرانی میں یو پی کی تصویر بدل دی، یوگی کا دعویٰ

انہوں نے دعوی کیا کہ ریاست میں ان کی 30 مہینے کی حکمران میں کوئی بھی فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا اور تمام کمیونٹیز کے تیوہار پرسکون ماحول میں پرامن طریقے سے منائے گئے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کرائم کے وارادت کی تفتیش میں تعاون کے لئے لکھنؤ میں فورنسک یونیورسٹی قائم کی جائےگی جبکہ تمام 18 ڈویژن میں فورنسک سیل قائم کئے جائیں گے۔


ریاست میں ایکسپریس وے کی تعمیر پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پوروانچل ایکسپریس وے 2020 کے آخر تک آمد ورفت کے لئے کھول دیا جائے گا جبکہ اگلے دو مہینوں میں بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھا جائےگا۔ ہم میرٹھ کو پریاگ راج سے جوڑنے والے گنگا ایکسپریس وے کی تعمیراتی کام شروع کرنے کے لئےتمام کاروائیوں کی تکمیل کے سمت میں تیزی سے کام کررہے ہیں۔

ایک گھنٹے سے لمبی اپنی تقریر میں وزیر اعلی نے اپنی حکومت کی حصولیابیوں کا تفصیلی تذکرہ کیا اور حکومت کے ذریعہ طے کئے گئے متعدد اہداف کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے ملک کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف میں اپنا تعاون پیش کرنے کے لئے ہم نے ریاست کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف طے کیا ہے۔


اس موقع پر وزیر اعلی نے ریاستی حکومت کی 30 مہینے کے میعاد کار اندر کئے گئے کاموں کی تفصیل پر مبنی ایک بک لیٹ کا اجراء کیا اور حکومت کی حصولیابیوں پر ویڈیو ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2019, 11:10 PM