لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پھر ہنگامہ، دونوں ایوانوں کی کارروائی 2 بجے تک کے لیے ملتوی
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور تبادلہ خیال ہونا چاہیے تاکہ سبھی اراکین کو اپنے نظریات رکھنے کا موقع مل سکے۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج ایک بار پھر ہنگامہ والے حالات دیکھنے کو ملے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن و برسراقتدار طبقہ کی ہنگامہ آرائی کے سبب وقفہ سوالات نہیں چل پایا اور راجیہ سبھا میں بھی کچھ ایسے ہی مناظر دیکھنے کو ملے۔ نتیجۂ کار لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں کی ہی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ لوک سبھا میں آج 2 بجے اینٹی پیپر لیک سے متعلق ترمیمی بل پر بحث کیا جانا طے ہے۔ یعنی اب لوک سبھا کی کارروائی جب شروع ہوگی تو اینٹی پیپر لیک بل پر بحث کے لیے پیش رفت کی جائے گی۔
آج لوک سبھا میں جب کارروائی شروع ہوئی تو ایوان زیریں کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی بہتر انداز سے چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور تبادلۂ خیال ہونا چاہیے، تاکہ سبھی اراکین کو اپنے نظریات رکھنے کا موقع مل سکے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پورے ملک میں یہ مثبت پیغام جانا چاہیے کہ پارلیمنٹ میں صحت مند بحث اور بات چیت کی روایت قائم ہے۔ یہ کہنے کے چند لمحہ بعد ہی اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ 27 جولائی کو مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپوزیشن کے زوردار ہنگامہ اور نعرہ بازی کے درمیان ’دی پبلک اگزامنیشن پریونشن آف انفیئر مینس امینڈمنٹ بل، 2026‘ لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی تیھ۔ بعد ازاں کارروائی 5 بجے تک کے لیے، اور پھر 28 جولائی کی صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ اس بل پر بحث آج 2 بجے بہتر انداز میں ہو سکے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
