یوپی: ’ایس آئی آر‘ میں دعوے-اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 مارچ تک بڑھا دی گئی، 10 اپریل کو جاری ہوگی حتمی ووٹر لسٹ
یوپی چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنوا نے کہا کہ ’’27 جنوری کی میٹنگ میں سیاسی پارٹیوں نے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس لیے دعوے اور اعتراضات کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔‘‘
اترپردیش میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) عمل کے متعلق الیکشن کمیشن نے دعوے اور اعتراضات درج کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب ووٹرس 6 مارچ 2026 تک فارم 6، 7 اور 8 پُر کر نام شامل کرنے، ترمیم کرنے یا حذف کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ پہلے یہ وقت 6 فروری تک مقرر کی گئی تھی۔ چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) اترپردیش نودیپ رِنوا نے بتایا کہ ریاست میں گزشتہ سال 27 اکتوبر سے ایس آئی آر کا عمل شروع ہوا تھا، جبکہ ڈور ٹو ڈور گنتی کا کام 4 نومبر سے شروع کیا گیا۔ اس کے بعد رواں سال 6 جنوری کو ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ جاری کیا گیا تھا۔ حتمی لسٹ 10 اپریل کو جاری کی جائے گی۔
نودیپ رنوا نے کہا کہ 27 جنوری کی میٹنگ میں سیاسی پارٹیوں نے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس لیے دعوے اور اعتراضات کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔ اب 6 مارچ تک نام شامل کرانے، اصلاح کرانے اور حذف کرانے کے لیے فارم بھر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن 27 مارچ تک دعووں اور اعتراضات کو نمٹائے گا اور اب 10 اپریل کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 6 جنوری سے 4 فروری تک کے درمیان مجموعی طور پر 3780414 فارم-6 جمع کیے گئے ہیں، جبکہ فارم-7 کی تعداد 82684 رہی ہے۔ اس کے علاوہ 1073 درخواستیں بیرون ملک مقیم ووٹرس کی جانب سے موصول ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ درخواستیں 5 فروری کو آئیں، ایک ہی روز میں 3 لاکھ سے زائد فارم جمع کیے گئے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ووٹرس میں ایس آئی آر عمل کے متعلق بیداری آئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اترپردیش کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں مجموعی طور پر 125556025 ووٹرس درج کیے گئے ہیں۔ ان میں فارم-6 کی تعداد 5437850 اور فارم-7 کی تعداد 133650 رہی۔ بی ایل اے (بوتھ لیول ایجنٹ) کے ذریعہ 37789 فارم جمع کیے گئے، جبکہ عام شہریوں کی جانب سے فارم-6 اور 6اے کے تحت 3781487 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد 3819276 نئے فارم-6 آئے، جبکہ ڈرافٹ سے قبل 1618574 درخواستیں جمع کی جا چکی تھیں۔ 4 فروری تک مجموعی فارم-6 کی تعداد 5437850 ہو چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔