کیجریوال نے یوگی حکومت پر فرضی کورونا ٹیسٹ کرانے کا لگایا الزام

عآپ کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یوگی حکومت پر کورونا ٹیسٹ کو لے کر بڑا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں فرضی کورونا ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یوگی حکومت پر کورونا جانچ کو لے کر بڑا الزام عائد کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں فرضی کورونا ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز کیجریوال نے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی عآپ 2022 میں ہونے والے یو پی اسمبلی انتخاب میں اترے گی۔ اس اعلان کے بعد سے ہی دونوں پارٹیوں کے درمیان زبانی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

بہر حال، کیجریوال نے یوگی حکومت پر فرضی کورونا ٹیسٹ کرانے سے متعلق الزام ایک ٹوئٹ کے ذریعہ لگائے ہیں۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’یوگی جی کو سوتے جاگتے، اٹھتے بیٹھتے دہلی حکومت اور عام آدمی پارٹی ہی دکھائی دیتی ہے۔ یوگی جی، ہمارے کورونا پر شاندار کام کا تذکرہ یو پی کے گلی محلوں میں ہو رہا ہے۔ آپ کی طرح ہم فرضی کورونا ٹیسٹ نہیں کراتے۔‘‘


جہاں تک کیجریوال کے ذریعہ اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب میں اترنے سے متعلق اعلان کی بات ہے، تو انھوں نے منگل کے روز کہا کہ دہلی میں مفت بجلی، پانی مل رہا ہے اور اچھی صحت خدمات مل رہی ہیں، اچھے کالج مل رہے ہیں، تو یہ سب اتر پردیش میں کیوں نہیں مل سکتا؟ انھوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ کون روک رہا ہے اتر پردیش میں ان سہولیات کے ہونے سے؟ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کیجریوال نے کہا تھا کہ ان سہولیات کے میسر ہونے سے بدعنوان لیڈران اور گندی سیاست روک رہی ہے۔

اروند کیجریوال کے ذریعہ دیئے گئے اس بیان کے بعد بی جے پی لیڈران لگاتار کیجریوال حکومت پر حملہ آور ہیں۔ اتر پردیش میں کابینہ وزیر اور ترجمان سدھارتھ سنگھ نے اروند کیجریوال پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ان کی عادت ہے لوگوں میں غلط فہمی پیدا کرنے کی۔ وہ دہلی میں بے نقاب ہو چکے ہیں، یو پی میں ان کی دال گلنے سے رہی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Dec 2020, 4:11 PM