یوپی انتخاب: ’سائیکل‘ کا بٹن دبانے پر نکل رہی ’کمل‘ کی پرچی، سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے کی شکایت

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’مراد آباد دیہات اسمبلی 27، بوتھ نمبر 417، سائیکل نشان پر ووٹ دینے کے بعد پرچی کمل کی نکل رہی ہے۔‘‘

سماج وادی پارٹی
سماج وادی پارٹی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی نے انتخابی کمیشن سے کئی طرح کی شکایتیں کیں جن میں سے ایک ہے مشین کی خرابی کا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجوادی پارٹی کی ایک شکایت میں کہا گیا ہے کہ سائیکل کا بٹن دبانے پر وی وی پیٹ سے کمل کی پرچی نکل رہی ہے۔ سماجوادی پارتی نے مراد آباد کے ایک ووٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتخابی کمیشن سے فوراً اس معاملے میں کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’مراد آباد دیہات اسمبلی 27، بوتھ نمبر 417، سائیکل نشان پر ووٹ دینے کے بعد پرچی کمل کی نکل رہی ہے، سنگین الزام ہے، انتخابی کمیشن اور ضلع انتظامیہ نوٹس لے کر غیر جانبدار، شفاف اور خوف سے پاک انتخاب کو یقینی کرے۔‘‘


اس کے علاوہ ووٹنگ کے دوران سماجوادی پارٹی نے رام پور میں بوتھ کیپچرنگ کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ رام پور اسمبلی 37 کے بوتھ نمبر 289، 311 کو کیپچر کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، انتخابی کمیشن اور ضلع انتظامیہ فوری مداخلت کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ اور خوف سے پاک انتخابی کرانے کی مہربانی کریں۔‘‘

سماجوادی پارٹی کے الزامات کے درمیان بی جے پی نے انتخابی کمیشن کے سامنے برقع نشیں خواتین کے تعلق سے اپنی شکایت کی ہے۔ بی جے پی نے انتخابی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آج ہو رہی ووٹنگ میں پردہ نشیں خواتین کی شناخت کیے بغیر ہی ووٹنگ کرائی جا رہی ہے۔ پردہ نشیں خواتین کی شناخت یقینی کرنے کے لیے بوتھوں پر خواتین پولیس اہلکار اور انتخابی اہلکار تعینات کیے جائیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */