اتر پردیش: اسمبلی کی 11 سیٹوں پر ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو

الیکشن کمیشن نے اترپردیش میں اسمبلی کی 11 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے اس کے لئے 21 اکتوبر کی تاریخ طے کی ہے۔

تصویر یو این آئی
i

لکھنؤ: الیکشن کمیشن نے اترپردیش میں اسمبلی کی 11 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے اس کے لئے 21 اکتوبر کی تاریخ طے کی ہے۔ واضح رہے کہ اٹھارہ ریاستوں کی 63 اسمبلی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کے ساتھ 21 اکتوبر کو کرائے جائیں گے اور ان انتخابات کے نتائج 24 اکتوبر کو عام کیے جائیں گے۔

ضمنی انتخابات کے لئے تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ان اسمبلی حلقوں میں ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔ ضمنی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن 27 ستمبر کو جاری ہوگا جبکہ 4 اکتوبر تک پرچہ نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔ اس کے اگلے دن کاغذات کی جانچ ہوگی اور 7 اکتوبر تک ناموں کے واپسی کا آخری دن ہوگا۔


اتر پردیش: اسمبلی کی 11 سیٹوں پر ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو

ریاست کے جلال پور، پرتاپ گڑھ،رامپور، لکھنؤ کینٹ، گنگوہ، مانکپور، بلیا، اگلاس، زید پور، ٹنڈلہ اور گھوسی سیٹ پر ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے ان سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 24 اکتوبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔

رامپور اور جلال پور سیٹیں چھوڑ کر سبھی سیٹیوں پر بی جے پی کا قبضہ تھا۔ رامپو اعظم خان کے اور امبیڈکر نگر سے راکیش پانڈے پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ ضلع مئو کی گھوسی سیٹ سے رکن اسمبلی بھاگو چوہان کو بہار کا گونر مقرر کیے جانے کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کی ہمیر پور سیٹ پر 23 ستمبر کو ضمنی الیکشن ہو رہا ہے جس کے لئے انتخابی مہم آج شام چار بجے ختم ہوجائے گی۔


اٹھارہ ریاستوں کی 63 اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اکتوبر کو

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے ہفتہ کے روز یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں مہاراشٹر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے وقت یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 63 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے ووٹنگ 21 اکتوبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کو ہوگی۔ انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن 23 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور ان نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور ناموں کو 3 اکتوبر تک واپس لیا جاسکتا ہے۔

ان نشستوں میں کرناٹک میں 15، اترپردیش میں 11، بہار اور کیرالہ میں 5 ،5، پنجاب، گجرات اور آسام میں 4-4، سکم میں 3، ہماچل پردیش، راجستھان ، تمل ناڈو میں 2 ،2، چھتیس گڑھ ، اروناچل پردیش، مدھیہ پردیش، میگھالیہ، اڈیشہ اور تلنگانہ کی ایک ایک نشست شامل ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی علاقے پڈوچیری کی ایک نشست پر بھی ضمنی انتخاب ہوگا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Sep 2019, 11:10 PM