اناؤ عصمت دری معاملہ: سڑک حادثہ کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو 15 دن کی مزید مہلت

تشار مہتہ نے کہا کہ رائے بریلی سڑک حادثہ میں شدید زخمی وکیل مہندر کوما میں ہیں، اس لیے ان کا بیان درج نہیں کیا جاسکا ہے۔ ایسے میں سی بی آئی کو مزید 15 دن کی مہلت دی جائے، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اناؤ عصمت دری کی متاثرہ کے ساتھ پیش آئے سڑک حادثہ کی جانچ کے لیے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو بدھ کے روز 15 دن کی مزید مہلت دے دی ہے، سی بی آئی کی طرف سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس انیرودھ بوس کی بنچ کے سامنے دلیل دی کہ حادثہ میں زخمی وکیل کا بیان درج نہیں ہوسکا ہے، اس لیے اسے جانچ پوری کرنے کے لیے کچھ اور مہلت دی جائے۔

تشار مہتہ نے کہا کہ 28جولائی کو رائے بریلی سڑک حادثہ میں شدید طور پر زخمی وکیل مہیندر سنگھ کوما میں ہیں، اس لیے ان کا بیان درج نہیں کیا جا سکا ہے۔ ایسے میں سی بی آئی کو مزید 15 دن کی مہلت دی جائے، جسے عدالت نے منظور کرلیا اور معاملہ کی سماعت اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔


اناؤ عصمت دری کی متاثرہ 28جولائی کو رائے بریلی جاتے وقت سڑک حادثہ میں شدید طور پر زخمی ہوگئی تھی۔ حادثہ کے وقت گاڑی میں متاثرہ کے ساتھ ان کا وکیل اور خاندان کے دوافراد موجود تھے۔

واضح رہے کہ سڑک حادثہ میں متاثرہ لڑکی کی چچی اور خالہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔ متاثرہ لڑکی اور وکیل کا کچھ دنوں تک لکھنؤ کے کنگ جارج اسپتال میں علاج ہوا، جس کے بعد انھیں دہلی کے ایمس میں داخل کرایا گیا۔ اس معاملہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے نکالے گئے لیڈر کلدیپ سنگھ سینگر پر الزام ہے کہ انھوں نے 2017 میں متاثرہ لڑکی کے ساتھ عصمت دری کی تھی، جس وقت وہ نابالغ تھی۔ عدالت نے سینگر کے ساتھ ساتھ ششی سنگھ کو بھی اس معاملہ میں شریک ملزم بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔