اناؤ: متاثرہ کی موت کھوکھلے نظم ونسق کی عکاس، اہل خانہ سے ملاقات کے بعد پرینکا کا بیان

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اناؤ آبروریزی متاثرہ کو انصاف نہیں دلا پانے کو سماجی ناکامی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس موت سے ثابت ہو گیا کہ اتر پردیش میں نظم و نسق کھوکھلا ہو چکا ہے‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اناؤ آبروریزی متاثرہ کو انصاف نہیں دلا پانے کو سماجی ناکامی قرار دیتے ہوئے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ اس کی موت سے ثابت ہو گیا ہے کہ اتر پردیش میں نظم و نسق کھوکھلا ہو چکا ہے۔ پرینکا گاندھی نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اس واقعہ کے لئے ہمارا مکمل سماج ذمہ دار ہے۔ نیز یہ آج کے اتر پر دیش کی اصل تصویر ہے۔

اناؤ: متاثرہ کی موت کھوکھلے نظم ونسق کی عکاس، اہل خانہ سے ملاقات کے بعد پرینکا کا بیان

پرینکا گاندھی نے کہا ’’میں خدا سے دعا کرتی ہوں کہ وہ اناؤ متاثرہ کے خاندان کو اس دکھ کی گھڑی میں ہمت و استقلال دے۔ یہ ہم سب کی ناکامی ہے کہ ہم اسے انصاف نہیں دے پائے۔ سماجی طور پر ہم سب مجرم ہیں لیکن یہ واقعہ اتر پردیش میں کھوکھلے ہو چکے قانون کے نظام کی بھی عکاسی کرتا ہے‘‘۔


انہوں نے کہا ’’اناؤ کے گذشتہ واقعہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے متاثرہ کو فوری طور پر سیکورٹی کیوں نہیں دی گئی؟ جس افسر نے اس کا ایف آئی آر درج کرنے سے منع کیا اس پر کیا کارروائی ہوئی؟ اتر پردیش میں ہر روز خواتین پر جو ظلم ہو رہا ہے، اس کو روکنے کے لئے حکومت کیا کر رہی ہے؟ ‘‘

قابل غور ہے کہ قومی راجدھانی کے صفدر جنگ اسپتال میں اناؤ آبرو ریزی متاثرہ کی جمعہ کو دیر رات موت ہو گئی۔ اس سے قبل جمعرات کی صبح اناؤ میں پانچ ملزمان نے اسے پٹرول ڈال کر جلا دیا تھا۔ ان ملزمان میں سے ایک متاثرہ کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کا کلیدی ملزم بھی تھا۔

اناؤ: متاثرہ کی موت کھوکھلے نظم ونسق کی عکاس، اہل خانہ سے ملاقات کے بعد پرینکا کا بیان

صفدر جنگ اسپتال کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے صدر ڈاکٹر شلبھ کمار نے بتایا کہ لڑکی کو نازک حالت میں پانچ دسمبر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن گزشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اس کی طبیعت تیزی سے بگڑنے لگی۔ ڈاکٹروں نے ادویات کی ڈوز بھی بڑھائی لیکن تقریباً 11.10 بجے اس کو دل کا دورہ پڑا اور 11.40 پر اس نے آخری سانس لی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی جی توڑ کوششوں کے باوجود متاثرہ کو نہیں بچایا جا سکا۔

اناؤ: متاثرہ کی موت کھوکھلے نظم ونسق کی عکاس، اہل خانہ سے ملاقات کے بعد پرینکا کا بیان

متاثرہ کی موت کے بعد اناؤ کے قصبہ بہا ر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے مذکورہ قصبہ کو پولس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں کے لوگوں میں کافی اشتعال پایا جاتا ہے۔ مقامی رہائشی دو دنوں سے اپنے گھروں سے باہر نہیں نکلے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Dec 2019, 1:47 PM