کولکاتا میں زیر تعمیر گودام منہدم، 5 کی موت، 55-50 لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ
پولیس کے مطابق ریسکیو مہم میں کولکاتا پولیس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ، سول ڈیفنس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور فوج بھی شامل ہے۔ ملبے اور لوہے کی راڈز کو ہٹانے کے لیے کرینیں منگوائی گئی ہیں۔
جنوبی کولکاتہ کے تاراتلا ٹرانسپورٹ ڈپو کے پاس بدھ دوپہر 1:30 بجے زیر تعمیر گودام کا شیڈ اچانک گر گیا۔ واقعہ میں اب تک 5 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ 50 سے 55 لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’دینک بھاشکر‘ پر شائع خبر کے مطابق ملبے میں دبے 13 لوگوں کو ریسکیو کر باہر نکالا جا چکا ہے۔ ان میں سے 9 زخمیوں کو علاج کے لیے ایس ایس کے ایم اسپتال کے ٹراما کیئر سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثے کے وقت گودام میں کنکریٹ کی ڈھلائی کا کام چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ریسکیو مہم میں کولکاتہ پولیس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ، سول ڈیفنس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور فوج بھی شامل ہے۔ ملبے اور لوہے کی راڈز کو ہٹانے کے لیے کرینیں منگوائی گئی ہیں۔ گیس کٹر کے ذریعے لوہے کی سلاخوں کو کاٹا جا رہا ہے۔ ملبے تلے دبے مزدوروں اور ملازمین کی چیخیں بھی سنائی دے رہی ہیں، جنہیں جلد از جلد نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حادثے کے بعد امدادی مہم کے دوران ایک نوجوان انکت سنگھ نے ملبے میں پھنسے ایک مزدور کو تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس نے زخمی مزدور کا پاؤں پکڑ کر بچاؤ ٹیم کو اس کے صحیح مقام تک پہنچنے میں مدد کی، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے اسے باہر نکالنے کی کوششیں تیز کر دیں۔ ملبے میں پھنسا مزدور درد سے کراہتے ہوئے بار بار کہہ رہا تھا کہ ’’میں نے اپنا پاؤں کھو دیا ہے، اگر ضرورت ہو تو میرا باقی حصہ کاٹ کر مجھے باہر نکال لو، بس میری جان بچا لو۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ جائے وقوعہ پر وزیر اگنیمترا پال اور وزیر کوشک چودھری پہنچ چکے ہیں۔ ریاستی حکومت نے لوگوں کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 1070، 8697981070 اور 033-22143526/22535185 جاری کیے ہیں۔ معلومات کے مطابق گودام کی زمین اوڈیشہ کے ایک تاجر کی تھی جنہوں نے اسے کسی پرائیویٹ فرم کو لیز پر دیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Jun 2026, 5:20 PM
