آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سےعلماء برہم، امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کو بتایا دہشت گردی
آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ ایران کے خلاف کاروائی کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں جس پر دنیا کے تمام خود مختارممالک کونوٹس لینا چاہئے۔

ایران پرامریکہ اوراسرائیل کے حملے میں اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈراور مذہبی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ہندوستانی مسلمانوں میں سوگ اور ناراضگی کی لہردوڑ گئی ہے۔ وہیں علماء نے بھی بیان جاری کر کے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ علماء نے امریکہ اور اسرائیل کی یکطرفہ کارروائی کو پوری طرح دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے اور دنیا میں امن وامان کے لیے اقوام عالم سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
لکھنؤ کے امام جمعہ مولانا کلب جواد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمارے مذہب میں شہادت کو اعلیٰ مقام حاصل ہے، ہرکوئی شہادت کی دعا کرتا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای بھی یہی کہا کرتے تھے کہ ہماری تمنا ہے کہ ہم راہ حق میں شہید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ کی دعا پوری ہوئی اور وہ جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ان کے ساتھ کئی اور بھی علماء درجۂ شہادت پر فائز ہوئے ہیں۔
مولانا کلب جواد نے امریکہ اور اسرائیل کے اس حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے، جس طرح آیت اللہ کا خون بہایا گیا ہے، وہ کبھی رائیگاں نہیں جائے گا کیونکہ وہ شہید ہوئے ہیں۔ مولانا جواد کے مطابق خون کے اسی قطرے سے انقلاب پیدا ہوتا ہے اور ظالم اسی میں ڈوب جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے آیت اللہ خامنہ ای کو شہید نہیں کیا بلکہ انہوں نے خود اپنے ’ڈیتھ وارنٹ‘ پر دستخط کردیئے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی موت بدترین موت ہوگی۔
مولانا کلب جواد نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی وفات انسانیت کے لیے عظیم نقصان ہے کیونکہ وہ مظلوموں کی آواز تھے۔ وہ اکیلے فلسطین کے لیے لڑرہے تھے، ان کی شہادت صرف شیعہ نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ آج رات لکھنؤ کے امام باڑہ آصفی میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرسوگ منانے کے لیے سبھی جمع ہوں گے۔ رات 8 بجے کینڈل مارچ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید
اسی دوران مولانا خالد رشید فرنگی محلی (لکھنؤ) نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے جس وحشیانہ طریقے سے ایران پر حملہ کیا ہے ہم اس کی ُزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مولانا خالد رشید نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف یکطرفہ کاروائی کرکے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں جس پردنیا کے تمام خود مختار ممالک کو نوٹس لینا چاہئے۔
مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ایران خود مختار اور جمہوری ملک ہے اس کے باوجود اس طرح کا حملہ کیا گیا جس میں اسکول کو بھی نہیں بخشا گیا اور معصوم بچوں کو ماردیا گیا اوراب اس حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی ہم سبھی لوگ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اوردنیا کے تمام ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں اس حملے کے خلاف آواز اٹھائیں اور مداخلت کرکے اس جنگ کو فوری طور پر رکوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی خامنہ ای صاحب کی موت کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف انٹرنیشل کورٹ میں مقدمہ چلا کرانہیں سخت سے سخت سزادی جائے۔ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ موجودہ حالات میں ہر طریقے سے امن وامان قائم رکھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔