یو جی سی رول بیک معاملہ: جے پی نڈا سے ملے ’سَورن‘ رہنما، بات چیت کے بعد 20 ستمبر کی مہاپنچایت ملتوی
جے پی نڈا کے مطابق میٹنگ میں وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ حکومت ان کے مطالبات پر منصفانہ طریقے سے غور کرے گی۔
مرکزی وزیر جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ نے یو جی سی رول بیک کے معاملے کو لے کر ’سَورن‘ (اعلیٰ ذات) رہنماؤں کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ ہندی نیوز پورٹل ’نوجیون‘ پر شائع خبر کے مطابق ملاقات کے بعد 20 ستمبر کو دہلی کے جنتر منتر پر مجوزہ ’یو جی سی رول بیک سَورن مہاپنچایت‘ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نڈا نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ ’سَورن مہاپنچایت کمیٹی‘ کے بانی اور ’چھتریہ کرنی سینا‘ کے قومی صدر راج شیخاوت نے وفد کے ساتھ ہوئی بات چیت کے بعد یہ فیصلہ لیا۔
مرکزی وزیر جے پی نڈا نے بتایا کہ ان کی رہائش گاہ پر جتیندر سنگھ کی موجودگی میں راج شیخاوت اور ان کے وفد کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ وفد میں ’سمردھ سناتن سنگھ‘ کے قومی صدر ڈاکٹر شبھانشو سنگھ راجپوت، آل انڈیا چھتریہ مہاسبھا کے آئی ٹی سیل کے صدر آر کے سنگھ، چھتریہ کرنی سینا کی خواتین سیل کی قومی صدر ایڈووکیٹ ڈاکٹر سنگیتا سنگھ اور سَورن مہاپنچایت کمیٹی کے قانونی مشیر ایڈووکیٹ ہمانشو شرما شامل تھے۔ ان کے مطابق میٹنگ میں وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل پر خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے مطالبات پر منصفانہ طریقے سے غور کرے گی۔ ساتھ ہی اگلے 3 ہفتوں میں وفد کے ساتھ دوبارہ میٹنگ کرنے کی بات بھی کہی۔
واضح رہے کہ چھتریہ کرنی سینا نے 20 ستمبر کو دہلی کے جنتر منتر پر ریزرویشن اور حال ہی میں نوٹیفائی کیے گئے یو جی سی ضوابط کے حوالے سے پرامن مظاہرے کی اجازت مانگی تھی۔ اسی معاملے کو لے کر دہلی ہائی کورٹ میں بھی معاملہ پہنچا تھا۔ مجوزہ پروگرام ’یو جی سی رول بیک سَورن مہاپنچایت‘ کے طور پر منعقد کیا جانا تھا۔ میٹنگ کے بعد اس مہاپنچایت کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ جے پی نڈا نے کہا کہ حکومت وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مطالبات پر غور کرے گی اور 3 ہفتوں کے اندر دوبارہ بات چیت ہوگی۔ اس طرح فی الحال 20 ستمبر کو جنتر منتر پر مجوزہ مہاپنچایت نہیں ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
