ملک پر منڈلا رہے 2 موسمی خطرات، پہلا ’ال نینو‘ اور دوسرا گردابی طوفان ’ارنب‘
آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے اثر سے ملک کے کئی حصوں میں اگلے 6-5 دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ہندوستان کے کئی حصوں میں موسم میں مسلسل تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اس وقت ملک کو 2 بڑے موسمی خطرات کا سامنا ہے۔ پہلے خطرہ کا نام ’ال نینو‘ ہے اور دوسرے خطرہ کا نام گردابی طوفان ’ارنب‘۔ بحرالکاہل میں ال نینو کے مضبوط ہونے کے باعث خشک سالی اور قحط جیسے حالات پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ دوسری جانب خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ اگر مضبوط ہو کر ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوتا ہے تو ہندوستان کی کئی ریاستیں گردابی طوفان ’ارنب‘ کی زد میں آ سکتی ہیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے اثر سے ملک کے کئی حصوں میں اگلے 6-5 دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بحیرۂ انڈمان میں بنا کم دباؤ کا علاقہ اگلے 2 دنوں میں مزید مضبوط ہوگا، جس کے 21 ستمبر کو ڈپریشن اور 22 ستمبر کو ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ 23 ستمبر تک یہ آندھرا پردیش-جنوبی اڈیشہ کے ساحل کے قریب مغربی وسطی اور اس سے متصل شمال مغربی خلیج بنگال تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے جنوبی اڈیشہ اور شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں 24-23 ستمبر کو شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ جنوبی چھتیس گڑھ میں بھی 24 ستمبر کو الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں 23 سے 25 ستمبر اور ودربھ میں 24 اور 25 ستمبر کو شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے جنوبی اڈیشہ اور شمالی ساحلی آندھرا پردیش کے لیے خاص طور پر محتاط رہنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ دونوں علاقوں میں 24-23 ستمبر کو کچھ مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اڈیشہ میں 24-23 ستمبر کو 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور جھکڑوں کے ساتھ ان کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ 23 ستمبر کو جنوبی اڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش کے ساحلوں کے قریب 65-55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ جنوبی آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے ساحلوں پر بھی 24-23 ستمبر کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
مشرقی ہندوستان میں انڈمان-نکوبار جزائر اور گنگا کے علاقہ والے مغربی بنگال میں 26-20 ستمبر کے درمیان شدید بارش کا امکان ہے۔ جھارکھنڈ، اڈیشہ اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال-سکم میں 26-22 ستمبر کے دوران بارش میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بہار میں 26-24 ستمبر کے درمیان شدید بارش کا امکان ہے۔
