اہم خبر: بنگال میں رہنے والوں کو سیکھنی ہوگی بنگالی زبان، ممتا بنرجی کا فرمان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Jun 2019, 9:10 PM

بنگال میں رہنے والوں کو بنگالی زبان سیکھنی ہوگی: ممتابنرجی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بنگالیوں کو نقصان پہنچانے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بنگال میں رہنے کیلئے بنگالی سیکھنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کے کنچن پاڑہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے یہ بیان دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بنگال میں تمام ریاستوں کے باشندے کا استقبال کرتے ہیں۔ جیسا کہ مجھے معلوم ہے کہ جب ہم بہار میں جاتے ہیں تو ہندی بولتے ہیں کیوں کہ وہاں کی زبان ہندی ہے۔ تمل ناڈو میں بھی تمل نہیں جاننے کے باوجود کچھ الفاظ تمل کا ضرور بولتے ہیں۔ اسی طرح جب آپ بنگال میں رہتے ہیں تو بنگالی سیکھنی چاہیے۔ اگر آپ دیگر زبان بولتے ہیں تو ہمیں کوئی پریشانی نہیں مگر آپ کو بنگالی ضرور سیکھنی چاہیے۔

ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہاں کچھ لوگ بنگالیوں کو پریشان کرتے ہیں مگر ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم بنگال کو گجرات نہیں بننے دیں گے۔ گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات ہوتے ہیں،سیکڑوں افراد کا قتل کردیا گیا ہے۔ اس لیے میں بولتی ہوں کہ بنگال کو گجرات نہیں بننے دیا جائے گا۔

14 Jun 2019, 8:10 PM

جھارکھنڈ میں زبردست نکسل حملہ، پانچ پولس اہلکاروں کا گولی مار کر قتل

جھارکھنڈ کے سرائے کیلا-کھرساواں ضلع ترول ڈیہہ میں ایک زبردست نکسلیوں کا حملہ ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ یہاں پر ہفتہ وار ہاٹ میں نظم و نسق کا جائزہ لینے گئے 5 پولس اہلکاروں کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ شام تقریباً 6 بجے پیش آیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، چشمدیدوں نے کہا کہ جمعہ کو دو بائیکوں پر سوار مسلح 5-6 افراد نے تمام پولس اہلکارون کو گھیر لیا اور فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور اس کے بعد پولس والوں کی بندوقیں لے کر فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد ہاٹ میں افرا تفری پھیل گئی۔

14 Jun 2019, 6:10 PM

ایران کا الزام، خلیج عمان میں ٹینکروں پر حملے میں امریکہ کا ہاتھ

تہران: اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب نے جمعہ کے روز کہا کہ خلیج عمان میں دو ٹینکروں پر حالیہ حملے کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ خلیج عمان میں ٹینکروں پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے ایران کے دورے پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ سے ملاقات کر رہے تھے۔
ایرانی مندوب اسحاق الحبیب نے جاپانی ریڈیو این ایچ کے سے کہا کہ " ایران کو پھنسانے کے لئے اس حملے کے پیچھے اگر کسی کا ہاتھ ہے وہ امریکہ ہے"۔

جمعرات کو خلیج عمان میں ہونے والے مشکوک حملے میں دو ٹینکروں 'فرنٹ الٹیر اور کوکوکا کریجیس' میں دھماکے کیے گئے تھے۔ ٹینکروں میں دھماکوں کا سبب اگرچہ نامعلوم ہے، تاہم، امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے انٹلیجنس کی اطلاعات کے حوالے سے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنے دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت نہیں پیش کرسکا ہے۔


14 Jun 2019, 4:10 PM

باپ نے 10سالہ معصوم بیٹی کی لوٹی عصمت

چھترپور: مدھیہ پردیش کے چھتر پور کے ضلع پولس نے بن ماں کی بچی کی آبروریزی کے الزام میں اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔ اپنی آب بیتی کے بارے میں کسی کو بتانے سے قاصر، بچی سخت گرمی کے موسم میں چھ کلومیٹر پیدل چل کر تھانے پہنچی اور پولس کو اس کے بارے میں بتایا۔ لڑکی کی حالت دیکھ کر ایشانگر تھانہ کی پولس فوری طور پر حرکت میں آئی اور ملزم والد کو گرفتار کرلیا۔

ایشانگر تھانہ علاقے کے گہروار گاؤں میں اس واردات کی شکار معصوم بچی (10) کی ماں کی تین سال قبل موت ہوجانے کے بعد والد نے دوسری شادی کرلی تھی۔ اس کے باوجود اس نے اپنی بیٹی پر بری نظر رکھتے ہوئے جمعرات کی صبح اسے اپنی حیوانیت کا شکار بنایا۔

پولس ذرائع کے مطابق دہشت زدہ بچی نے اس بارے میں اپنی سوتیلی ماں کو بتانے کی کوشش کی، لیکن اپنی ماں کی غیر انسانی سلوک کی وجہ سے خاموش ہوگئی۔ اس کے بعد اس نے جرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاؤں سے چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پولس اسٹیشن پہنچی اور پولس کو اپنے ساتھ ہونے والی درندگی کے بارے میں بتایا۔ پولس نے دبش دیکر ملزم کو فوری طور پر دیر رات گرفتار کر لیا۔

14 Jun 2019, 2:10 PM

خلیج عمان میں تیل ٹینکروں پر ہوئے حملے کی جانچ کی ضرورت: منصور العتیبی

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یواین ایس سی) کے صدر منصور العتیبی نے خلیج عمان میں دو تیل ٹینکروں پر ہوئے حملے کی تفصیلی جانچ کرانے پر زور دیا ہے۔ سلامتی کونسل نے جمعرات کو امریکہ کی درخواست پر خلیج عمان میں ہوئے اس واقعہ کی جانچ پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس ماہ کے صدر العتیبی نے پریس کانفرنس میں کہا،’’یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، یہ مجرمانہ حرکت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس کی جانچ ہو، تفصیلی جانچ ہو اور ہم جاننا چاہتے ہیں کہ واقعہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے‘‘۔

منصور العتیبی اقوام متحدہ میں کویت کے مستقل نمائندہ بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے سبھی رکن ممالک نے حملے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے اس واقعہ کے لیے کسی کو ذمہ دار ماننے کے سوال پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو خلیج عمان میں ایران کے بحری علاقہ میں دو تیل ٹینکروں پر حملے کیے جانے کی رپورٹیں ملی تھیں۔ اس کے بعد عمان کے سرحدی محافظوں نے تصدیق کی تھی کہ حملے میں صرف ایک ٹینکر کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔


14 Jun 2019, 1:09 PM

پلوامہ: سلامتی دستوں سے ہوئے تصادم میں دو ملی ٹنٹ ہلاک

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں جمعہ کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔ کشمیر زون پولس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’اونتی پورہ تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جارہی ہے‘۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے براؤ بانڈینہ اونتی پورہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے مذکورہ علاقے میں جمعہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود ملی ٹنٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔ فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔ انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں احتیاط کے طور پر موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

14 Jun 2019, 12:10 PM

پلوامہ میں سلامتی دستوں اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم

سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعہ کو محاصرہ اور تلاشی مہم کے دوران سلامتی دستوں اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا ہے۔

پولس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قومی رائفلز (آر آر) سی سی آر پی ایف کے جوانوں اور جموں و کشمیر پولس کے خصوصی مہم دستے نے ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی خفیہ جانکاری ملنے کے بعد پلوامہ کے اونتی پورہ کے برادبڑنا گاؤں میں مشترکہ طور پر گھیرا بندی کرکے تلاشی مہم شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ سلامتی دستوں نے باہر جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے اور گھر گھر جاکر تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران جب وہ ایک خصوصی علاقے کی طرف جارہے تھے تب ملی ٹنٹوں نے وہاں گولہ باری شروع کر دی۔ اس کے بعد سلامتی دستوں نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے بعد تصادم شروع ہوگیا۔

کسی طرح کے مظاہرہ سے بچنے کے لئے آس پاس کے علاقوں میں فاضل سلامتی دستوں اور ریاستی پولس کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ کسی طرح کی افواہوں کو روکنے کے لئے احتیاط کے طور پر پلوامہ میں انٹرنیٹ موبائل خدمات معطل کردی گئی ہیں۔


14 Jun 2019, 11:10 AM

دہلی ایمس میں ریذیڈینٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریضوں کی بڑھی پریشانی

کولکاتا کے ریذيڈینٹ ڈاکٹروں کی حمایت میں دہلی ایمس کے ریذيڈینٹ ڈاکٹر بھی آ گئے ہیں، دہلی ایمس میں ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں، ایسے میں مریضوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

وہیں دہلی کے صفدر جنگ اسپتال کے ڈاکٹرس بھی کولکاتا کے ڈاکٹرس کی حمایت میں آ گئے ہیں، صفدر جنگ اسپتال کے ڈاکٹرس بھ مظاہرہ کر رہے ہیں۔

14 Jun 2019, 9:52 AM

بہار میں دبنگ بدمعاشوں کی دہشت، دو آر جے ڈی رہنماؤں کو ماری گولی

بہار کے مظفر پور میں بدمعاشوں نے آر جے ڈی کے دو رہنماؤں کو گولی ماری دی ہے ۔ دونوں کو ہی زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ڈ ی سی پی مکل رنجن نے کہا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔