گدھے کی ملکیت پر دو افراد میں جھگڑا! معاملہ پولس میں پہنچا
گدھے کی ملکیت پر دو افراد میں جھگڑا ہوا جس کے بعد یہ معاملہ پولس میں پہنچا۔ اب پولس عجیب وغریب صورتحال سے دو چار ہے کیونکہ یہ معاملہ عام نوعیت کے چوری کے معاملات سے بالکل ہٹ کر ہے

حیدرآباد: گدھے کی ملکیت پر دو افراد میں جھگڑا ہوا جس کے بعد یہ معاملہ پولس میں پہنچا۔ اب پولس عجیب وغریب صورتحال سے دوچار ہے کیونکہ یہ معاملہ عام نوعیت کے چوری کے معاملات سے بالکل ہٹ کر ہے۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے ضلع وقار آباد کی راجیو گروہا کلپا کالونی کے رہنے والے پربھو نامی شخص نے پولیس سے شکایت کی کہ اس کے چار گدھے چوری ہوگئے ہیں۔ وہ گدھوں کا دودھ فروخت کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کرتا تھا۔ پہلے اس نے یہ سمجھا کہ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس کے گدھوں کی چوری کی ہے کیونکہ قبل ازیں ایسے چوری کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں تاہم بعد ازاں اس کو پتہ چلا کہ لنگم پلی علاقہ کے رہنے والے ستیا نامی شخص کے پاس اس کے گدھے ہیں۔
پولس نے ستیا کے پاس سے مسروقہ گدھوں میں سے ایک گدھے کو برآمد کر لیا اور اسے تھانہ میں پہنچا دیا گیا۔ اس کے بعد ستیا پولس اسٹیشن پہنچا اور کہا کہ یہ گدھا اس کا ہے اور وہ بھی گدھے کا دودھ فروخت کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کرتا ہے۔ دونوں پربھو اور ستیا کی گدھے کی ملکیت پر بحث وتکرار ہوگئی جس کے بعد پولس یہ سمجھنے سے قاصر رہی کہ درحقیقت گدھے کس کی ملکیت ہیں۔
لنگم پلی سے برآمد گدھا ہنوز پولس اسٹیشن میں ہی ہے۔ پولس نے کہا کہ اس سلسلہ میں کوئی بھی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے کیونکہ دونوں افراد قابل قبول طریقہ سے اس معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
