دلت بچوں کو کھلے میں رفع حاجت کرنے کی سزا، ہجوم نے پیٹ پیٹ کر لی جان

مدھیہ پردیش کے شیوپوری ضلع واقع پنچایت بھون کے سامنے دو دلت بچے رفع حاجت کر رہے تھے جب ایک شخص نے انھیں یہ عمل کرتے ہوئے دیکھ لیا۔ اس نے لاٹھی سے بچوں کی ایسی پٹائی کی کہ دونوں ہلاک ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو لے کر موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات کے درمیان کھلے میں رفع حاجت کرنے پر دو دلت بچوں کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک 10 سالہ لڑکا اور ایک 12 سالہ لڑکی کو بھیڑ نے اس قدر پیٹا کہ اس کی موت واقع ہو گئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے شیوپوری ضلع کے پنچایت بھون کے سامنے دو دلت بچے رفع حاجت کر رہے تھے جب ایک شخص نے انھیں یہ عمل کرتے ہوئے دیکھ لیا۔ پھر اس شخص نے اپنے ایک ہمراہ کے ساتھ مل کر ان دونوں بچوں کی زبردست پٹائی کر دی۔ سرسود پولس تھانہ انچارج انسپکٹر آر ایس دھاکڑ نے بتایا کہ معاملہ بھاؤکھیڑی گاؤں کا ہے جو کہ 25 ستمبر کی صبح پیش آیا۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔


آر ایس دھاکڑ نے بتایا کہ مرنے والے دونوں ہی بچوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ ایک 12 سالہ لڑکی روشنی ہے جب کہ دوسرا 10 سالہ لڑکا اویناش ہے۔ تھانہ انچارج انسپکٹر کے مطابق پٹائی کے بعد دونوں کو سنگین چوٹیں آئی تھیں اور انھیں فوراً ضلع اسپتال لے جایا گیا۔ لیکن اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے دونوں کو ہی مردہ قرار دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دونوں بچوں کا قتل لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک شخص نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر دونوں بچوں کی بے رحمی سے پٹائی کی جس کی وجہ سے جائے وقوع پر ہی دونوں نے اپنا دم توڑ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔