بریلی میں 60 سلنڈروں سے بھرا ٹرک پلٹا، سی این جی گیس لیک، دھماکے کی وجہ سے دہشت، علاقہ میں بجلی کی سپلائی کاٹی گئی

حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کیبن میں پھنس گیا۔ آٹو ڈرائیوروں اور مقامی لوگوں نے اپنی جان کی فکر کیے بغیر ٹرک کے شیشے توڑے اور تقریباً 15 منٹ کی محنت و مشقت کے بعد ٹرک ڈرائیور کو محفوظ باہر نکالا۔

<div class="paragraphs"><p>سی این جی سلینڈر کا ٹرک پلٹا/ سوشل میڈیا</p></div>
i

اتر پردیش کے بریلی میں پیر کے روز صبح سنجے نگر چوراہے کے قریب سی این جی سلنڈروں سے بھرا ہوا ٹرک پلٹ گیا۔ ٹرک کے پلٹتے ہی گیس لیک ہونا شروع ہو گیا اور تیز دھماکہ کی آواز سنائی دی۔ آواز اس قدر تیز تھی کہ آس پاس کے لوگ نیند سے بیدار ہو کر باہر نکل آئے۔ کچھ ہی منٹوں میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو سیکورٹی نے گھیرے میں لے لیا۔ ڈرائیور وجے نے بتایا کہ ’’وہ ہلدوانی سے ٹرک خالی کر کے بریلی لوٹ رہے تھے۔ اس ٹرک میں 60 سے زیادہ سی این جی سلینڈر تھے۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ سلینڈروں میں پریشر ہونے کی وجہ سے ٹرک پلٹنے کے بعد گیس لیک ہونے لگا۔ ٹرک کے نیچے دبے والوز کی وجہ سے گیس نکلتی رہی، جس کے سبب علاقائی لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔

حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور کیبن میں پھنس گیا۔ آس پاس موجود آٹو ڈرائیوروں اور مقامی لوگوں نے اپنی جان کی فکر کیے بغیر ٹرک کے شیشے توڑے اور تقریباً 15 منٹ کی محنت و مشقت کے بعد ٹرک ڈرائیور کو محفوظ باہر نکال لیا۔ بعد میں انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے بھیجا گیا۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر کچھ منٹ اور تاخیر ہو جاتی تو بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ قریبی اسپتال میں کام کرنے والے ملازمین نے بتایا کہ صبح اچانک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی۔ پہلے لوگوں کو لگا کہ کوئی بڑا دھماکہ ہوا ہے، لیکن باہر نکل کر دیکھا تو گیس سے بھرا ٹرک سڑک پر پلٹا ہوا تھا۔ اس کے بعد کئی افراد مدد کے لیے موقع پر پہنچے۔ جس جگہ پر ٹرک پلٹا تھا، وہاں سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر پٹرول پمپ ہے۔


گیس لیکج کی اطلاع ملتے ہی احتیاطاً قریبی علاقوں کی بجلی سپلائی بند کر دی گئی، تاکہ کسی طرح کی چنگاری سے آگ نہ لگے۔ پولیس نے پورے علاقے کا ٹریفک روک دیا اور لوگوں کو مناسب فاصلے پر رہنے کا مشورہ دیا۔ فائر اسٹیشن کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچی تھیں۔ فائر اسٹیشن کے جونیئر افسر سنجے یادو اپنی ٹیم کے ساتھ گیس لیکج کو روکنے اور حالات کو نارمل کرنے میں مصروف ہو گئے۔ آہستہ آہستہ ٹرک کے دبے ہوئے والوز بند کیے گئے، جس کے بعد گیس کا لیکج کم ہوا۔ مقامی لوگوں کی بروقت چوکسی اور پولیس اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ فی الحال ٹرک کو بحفاظت ہٹانے اور ٹریفک کو معمول پر لانے کا کام جاری ہے۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور حادثے کی وجہ بھی معلوم کر رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔