بالی ووڈ اداکار عمران خان کی مشکلات میں اضافہ، ممبئی ایف آر آر او نے بھیجا وجہ بتاؤ نوٹس

’فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس‘ (ایف آر آر او) نے عمران خان کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے، جس کے بعد مانا جا رہا ہے کہ ان کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>بالی ووڈ اداکار عمران خان، ویڈیو گریب</p></div>
i

بالی ووڈ اداکار عمران خان ان دنوں تنازعات کی زد میں ہیں۔ جین-زی کے احتجاج میں شامل ہونے کے بعد سے وہ ہندوستان سے نکالے جانے کے خوف میں مبتلا ہیں۔ کچھ سیاسی لیڈران لگاتار مطالبہ کر رہے ہیں کہ امریکی شہری ہونے کے ناطے انہیں واپس امریکہ بھیج دیا جائے۔ اس درمیان اب ممبئی فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) نے عمران خان کو ایک نوٹس بھیج دیا ہے۔

دراصل ’فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس‘ (ایف آر آر او) نے عمران خان کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے، جس کے بعد مانا جا رہا ہے کہ ان کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔ اس نوٹس میں ان سے سوال کیا گیا ہے کہ ان کا ’او سی آئی کارڈ‘ منسوخ کیوں نہ کر دیا جائے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سلسلے میں ایف آر آر او نے عمران خان سے 15 دن کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ جواب موصول ہونے کے بعد ایف آر آر او فیصلہ کرے گا کہ او سی آئی کارڈ منسوخ کیا جائے یا نہیں۔


واضح رہے کہ عمران خان نے ’اگست کرانتی میدان‘ کے قریب سی ای سی مخالف احتجاج میں حصہ لیا تھا۔ اس کے بعد انہیں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد تنازعہ مزید گہرا ہو گیا تھا اور انہیں ہندوستان چھوڑنے کا نوٹس بھی دیا گیا ہے۔ انہیں 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کے لیے کہا گیا ہے۔ حالانکہ عمران خان نے ممبئی پولیس کے ہندوستان چھوڑنے کے نوٹس کے خلاف بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی وجہ سے ان پر ’فارنرز ایکٹ‘ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکار بامبے ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایم زیڈ ایم لیگل ایل ایل پی کو اپنا قانونی مشیر بھی مقرر کیا ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔


بہرحال، عمران خان نے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت سے متعلق واضح کیا تھا کہ وہ وہاں کسی سیاسی پارٹی کی نمائندگی کرنے کے لیے نہیں گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محض ایک شہری کی حیثیت سے وہاں پہنچے تھے اور انسانیت کے ناطے احتجاج میں شامل ہوئے تھے۔ جب انہیں حراست میں لیا گیا تھا تو اس وقت کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں اداکار نے جیل جانے کی بات کہی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔