دہلی کے چوروں نے میٹرو کو بھی نہیں بخشا، تار کاٹ کر لے گئے، آج رات کو ہوں گی خدمات بحال

ڈی ایم آر سی نے ٹوئٹ کر کے اطلاع دی کہ بلیو لائن اندرپرستھ اور یمنا بینک اسٹیشنوں کے درمیان صبح سے ہی ٹرین خدمات متاثر ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں چوروں کے ذریعہ تار کاٹ کر لے جانے کی وجہ سے بلیو لائن کی سروسز متاثر ہو گئی ہیں۔ دہلی میٹرو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلیو لائن روٹ پر اندرپرستھ اور یمنا بینک میٹروں اسٹیشن کے درمیان ٹرین خدمات متاثر ہیں۔ اس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ چوروں نے ویشالی نویڈا الیکٹرانکس سٹی کی جانب جانے والی ڈاؤن لائن کے سیکشن پر کیبل چوری کر لی، جس کے بعد اس روٹ پر ٹرین خدمات میں خلل پڑ گیا۔ اس لائن پر مرمت کا کام جاری ہے، دہلی میٹرو کا کہنا ہے کہ ٹرین خدمات منگل کی رات تک بحال ہو پائیں گی۔


میٹرو نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کیبل چوری کی وجہ سے اس سیکشن پر ٹریک سرکٹ ڈراپ یعنی سگنل کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ ایسے میں ٹرینیں صرف 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی چل پا رہی ہیں۔ میٹرو کا آپریشن بھی خودکار کی بجائے مینول موڈ پر کیا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے یمنا بینک اور اندرپرستھ اسٹیشن کے درمیان میٹرو سروس مشکل سے آپریٹ ہو پا رہی ہیں۔

ڈی ایم آر سی نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ روٹ پر آئی خرابی منگل تک ٹھیک ہو پائے گی۔ میٹرو نے اطلاع دی کہ جس سیکشن پر دقت پیش آ رہی ہے، اسے ٹھیک کرنے میں کم از کم تین گھنٹے کا وقت درکار ہے۔ دہلی میٹرو کی جانب سے بتایا گیا کہ مسافروں کو اطلاع دینے کے لئے بلیو لائن روٹ کے تمام اسٹیشنوں اور ٹرینوں کے اندر اعلان کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اطلاع دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔