مدھیہ پردیش میں ٹماٹر ایک ہفتے کے اندر 100 کے پار
ایک ہفتہ پہلے تک جو ٹماٹر 10 سے 20 روپے فی کلو چل رہا تھا وہ اچانک مہنگا ہو گیا ہے اور اب ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔

ایک ہفتہ پہلے تک جو ٹماٹر 10 سے 20 روپے فی کلو چل رہا تھا وہ اچانک مہنگا ہو گیا ہے۔ اب ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ صورتحال یہ ہے کہ مدھیہ پردیش کی دارالحکومت بھوپال میں ٹماٹر ختم ہو چکے ہیں۔ اب بنگلور، راجستھان سے ٹماٹر آ رہے ہیں۔ ہری سبزیاں مہنگی ہونے سے گھریلو خواتین کا کچن بجٹ بھی گڑبڑا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں ہری سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ ہری سبزیاں مہنگی ہونے کے باعث غریب عوام کی تھالی سے ہری سبزیاں تقریباً غائب ہو چکی ہیں۔ ہری سبزیوں میں مہنگائی کی سب سے زیادہ مار ٹماٹر پر پڑی ہے۔ ٹماٹر 100 روپے سے 120 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔
صرف ٹماٹر ہی نہیں تمام ہری سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ٹماٹر 100 سے 120 روپے کلو، گوبھی 60 سے 80، لوکی 40 سے 50، بھنڈی 40 سے 60، شملہ مرچ 60 سے 80، بیگن گول 30 سے 40 کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کدو 30 سے 40، کریلا 40 سے 60 اور باربتی بھی 40 سے 60 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اگر ٹماٹر کی بڑھی ہوئی قیمت کی بات کریں تو چھ ریاستوں میں سب سے مہنگا ٹماٹر صرف مدھیہ پردیش میں فروخت ہو رہا ہے۔ مدھیہ پردیش میں ٹماٹر 100 روپے سے زیادہ ہے، راجستھان میں 80 سے 100 روپے فی کلو، چھتیس گڑھ میں 80 سے 90، مہاراشٹر میں 60 سے 90، کرناٹک میں 70 سے 90 اور بہار میں بھی 60 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایک ماہ قبل ٹماٹر کی قیمت کی حالت ایسی تھی کہ اچھی قیمت نہ ملنے کی وجہ سے کسان ٹماٹر سڑکوں پر پھینک رہے تھے۔ جہاں اب مدھیہ پردیش میں کسانوں کے پاس ٹماٹر ختم ہو چکے ہیں اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔ ٹماٹر کی فصل رکھنے والے کسانوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
