ٹِک ٹاک اسٹار سونالی پھوگٹ کو بی جے پی نے بنایا امیدوار
سونالی پھوگٹ کو ہریانہ کی آدمپور اسمبلی سیٹ سے بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ سونالی معروف ٹِک ٹاک اسٹار ہیں۔
ہریانہ میں جیسے جیسے اسمبلی انتخابات کی تاریخیں قریب آ رہی ہیں ویسے ویسے وہاں کا سیاسی ماحول گرم ہوتا جا رہا ہے۔ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں آدمپور اسمبلی حلقہ سے معروف ٹِک ٹاک اسٹار سونالی پھوگٹ کو بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ سونالی کے ٹکٹ کا جیسے ہی اعلان ہوا ویسے ہی ان کے پرانے ٹِک ٹاک ویڈیو وائرل ہونے لگے ہیں۔ سونالی پھوگٹ نے کہا کہ ان کو خود اندازہ نہیں تھا کہ ٹکٹ ملنے کے بعد ان کے پرانے ٹِک ٹاک ویڈیو وائرل ہو جائیں گے۔

آدمپور اسمبلی حلقہ سے سونالی پھوگٹ کا مقابلہ کانگریس کے کلدیپ بشنوئی سے ہوگا۔ سال 2014 کے انتخابات میں کلدیپ بشنوئی نے الگ پارٹی بنا کر چناؤ لڑا تھا اور وہاں سے الیکشن جیتے بھی تھے۔ سال 2014 میں کلدیپ بشنوئی کا مقابلہ انڈین نیشنل لوک دل کے کلویر سنگھ بینی وال کے ساتھ ہوا تھا۔ اس مرتبہ انڈین نیشنل لوک دل سے اس اسمبلی حلقہ سے راجیش گودرا میدان میں ہیں۔
واضح رہے کہ سونالی کے شوہر سنجے پھوگٹ بی جے پی کے رہنما تھے، ان کے انتقال کے بعد سونالی پھوگٹ بی جے پی میں شامل ہو گئی تھیں۔ پارٹی نے انہیں ریاستی خواتین مورچہ کا نائب صدر مقرر کیا تھا۔ سونالی پھوگٹ نے کہا کہ جیت کے بعد وہ ٹِک ٹاک کا استعمال علاقہ کی ترقی اور حب الوطنی کے لئے کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے انہیں ٹِکٹ ٹِک ٹاک کی وجہ سے نہیں دیا کیونکہ وہ گزشتہ 12 سال سے بی جے پی سے جڑی ہوئی ہیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Oct 2019, 4:43 PM
