وزیر اعلی اجتماعی شادی اسکیم کے تحت ہزاروں جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک

ضلع دیوریا کے مہاراج اگریسن انٹرکالج کے میدان میں منعقد پروگرام کے تحت 352 نئے جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اجتماعی شادی میں 303 ہندو اور 49 مسلم جوڑوں کی شادی ہوئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کے مختلف اضلاع میں جمعرات کو وزیر اعلی اجتماعی شادی اسکیم کے تحت ہزاروں جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ لکھنؤ، جونپور، دیوریا، مہوبہ اور گورکھپور سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں پروگرام منعقد کر کے اجتماعی شادی کرائی گئی۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے وزیر، اراکین اسمبلی اور دیگر سینئر لیڈر خاص طور سے موجود رہے۔

گورکھپور سے موصول اطلاع کے مطابق وزیر اعلی اجتماعی شادی اسکیم کے تحت آج تقریباً 615 جوڑوں کی شادی کرائی گئی۔ اہم پروگرام ضلع کے بڑہل گنج منی گرامین اسٹیڈیم میں منعقد ہوا۔ جس میں تقریباً 251 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے جس میں مہمان خصوصی کے حیثیت سے ریاست کے سماج فلاح وبہود کے وزیر رام پتی شاستری نے شرکت کی۔


اس موقع پر شاستری نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اس اسکیم کا مقصد سماجی مساوات اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور شادیوں میں فضول خرچی اور دکھاوے سے آزادی دلانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماعی شادی اسکیم کے تحت دی جانے والی رقم 35 ہزار روپئے سے بڑھا کر اب 51 ہزار روپئے کردی گئی ہے۔اس اسکیم سے وہ سبھی افراد استفادہ کرسکتے ہیں جن کی سالانہ آمدنی دو لاکھ روپئے سے کم ہے۔

ضلع دیوریا کے مہاراج اگریسن انٹرکالج کے میدان میں منعقد پروگرام کے تحت 352 نئے جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اجتماعی شادی میں 303 ہندو اور 49 مسلم جوڑوں کی شادی ہوئی۔ اس موقع پر وزیر رام چوہان، مملکتی وزیر جے پرکاش نشاد، رکن پارلیمان روند کشواہا سمیت دیگر لیڈر موجود رہے۔ جونپور میں تقریباً 315 غریب جوڑوں کی شادی کرائی گئی۔ اس میں سات مسلم جوڑوں کا نکاح ہوا۔ ریاست کے وزیر گریش چند یادو اور اعلی افسران نے نئے جوڑوں کے تئیں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔