پٹرول-ڈیزل کی قیمت قسطوں میں بڑھاتے ہیں، تاکہ چپکے چپکے آپ کی جیب کٹتی رہے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں کئی ماہ سے معاشی طوفان آنے کی بات کر رہا تھا، لیکن مودی جی اس وقت ہمیشہ کی طرح انتخاب میں مصروف تھے، اور انتخاب ختم ہوتے ہی پٹرول-ڈیزل 8 روپے مہنگا کر دیا۔‘‘

گزشتہ چند دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے ہو رہے ہیں۔ آج بھی پٹرول کی قیمت میں 2.61 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2.71 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مہنگائی مین مودی کا پھر سے حملہ۔ پٹرول-ڈیزل کی قیمت قسطوں میں بڑھاتے ہیں، تاکہ چپکے چپکے آپ کی جیب کٹتی رہے۔‘‘
کانگریس رہنما راہل گاندھی اپنی ’ایکس‘ پوسٹ پر مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں کئی ماہ سے معاشی طوفان آنے کی بات کر رہا تھا، لیکن مودی جی اس وقت ہمیشہ کی طرح انتخاب میں مصروف تھے – اور انتخاب ختم ہوتے ہی پٹرول-ڈیزل 8 روپے مہنگا کر دیا اور یہ اضافہ ہوتا ہی جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’مہنگائی مین مودی کا ایک ہی کام ہے – انتخاب میں وعدے اور باقی وقت میں عوام کی جیب پر حملہ۔‘‘
واضح رہے کہ پورے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پیر کو ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 10 دنوں میں یہ چوتھی بار ہے جب ایندھن کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ آج پٹرول کی قیمت میں 2.61 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2.71 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں پٹرول اب 102.12 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 95.20 فی لیٹر پہنچ گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا اثر اب ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور روزمرہ کی ضروریات پر پڑنے کا خدشہ ہے۔ 16 مئی کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
