پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 21ویں دن بھی کوئی راحت نہیں

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار نہ بڑھانے کے بعد ہندوستان اور امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے خام تیل نکالنے کا اعلان کیا ہے

پٹرول اور ڈیزل / تصویر آئی اے این ایس
پٹرول اور ڈیزل / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: مہنگے تیل کی مار جھیل رہے عوام کو کوئی راحت نصیب نہیں ہو ری ہے اور آج مسلسل 21ویں دن گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار نہ بڑھانے کے بعد ہندوستان اور امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے خام تیل نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ چین، جاپان اور جنوبی کوریا پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ذخائر سے تیل چھوڑ یں۔ ہندوستان 50 لاکھ بیرل تیل چھوڑے گا۔ ہندوستان کے تیل کے ذخائر 38 ملین بیرل ہیں اور یہ ملک کے مشرقی اور جنوبی ساحل پر واقع ہیں۔ اس اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں پر کچھ دباؤ آیا ہے کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں ان کی قیمتیں تقریباً مستحکم ہیں۔


مرکزی حکومت کی طرف سے دیوالی کے موقع پر پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 اور 10 روپے فی لیٹر کی کمی سے ملک میں ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ اس کے بعد اتر پردیش، کرناٹک سمیت ملک کی 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ان دونوں ایندھنوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ ) کو کم کر دیا ہے۔ اس سے متعلقہ ریاستوں میں ان دونوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) کی جانب سے دوبارہ پیداوار میں تبدیلی کے اشارے دینے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جمعرات کو سنگاپور میں بریٹ کروڈ 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 82.40 ڈالر فی بیرل اور یو ایس کروڈ 0.01 فیصد اضافے کے ساتھ 78.40 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔


گھریلو بازار میں 21 ویں دن بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ دارالحکومت دہلی میں ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) کے پمپ پر پٹرول کی قیمت 103.97 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 86.67 روپے فی لیٹر رہی۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں ہر روز صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔ آج ملک کے چار بڑے میٹرو میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کچھ یوں رہیں:

شہر کا نام——پٹرول (روپے/لیٹر)——(ڈیزل روپے/لیٹر)

دہلی ————— 103.97-————— 86.67

ممبئی-——————109.98—————— 94.14

چنئی ——————101.40 —————— 91.43

کولکاتا ————104.67——————-89.79

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔