’رام جنم بھومی نیاس‘ کے اعلان کا دہلی انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں: جاویڈکر

پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ ’’شری رام جنم بھومی کرتن چھیتر نیاس‘ کی تشکیل کا فیصلہ ایودھیا کے لئے ہے اور انتخابات یہاں دہلی میں ہو رہے ہیں۔ اس فیصلے کا دہلی کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اطلاعات ونشریات اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی انتخابات کے انچارج پرکاش جاویڈکر نے بدھ کو کہا ہے کہ ’شری رام جنم بھومی کرتن چھیتر نیاس‘ کے اعلان کی’ٹائمنگ‘ کا دہلی انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور اس سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے۔

پرکاش جاویڈکر نے یہاں مرکزی کابینہ کے فیصلوں کی اطلاع دینے کے سلسلے میں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’شری رام جنم بھومی کرتن چھیتر نیاس‘ کی تشکیل کا فیصلہ ایودھیا کے لئے ہے اور انتخابات یہاں دہلی میں ہو رہے ہیں۔ اس فیصلے کا دہلی کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘


یہ پوچھے جانے پر کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ نیاس کے لئے دیا گیا تین مہینے کا وقت 9 فروری کو ختم ہورہا تھا اور دہلی میں ووٹنگ 8 فروری کو ہونی ہے اور ایسے میں حکومت انتخابی ضابطہ اخلاق کے ہٹنے کا انتظار کرکے 9 فروری کو اس کا اعلان کرسکتی تھی، پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ ’’انتخابات صرف دہلی میں ہو رہے ہیں پورے ملک میں نہیں۔‘‘

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں دیگر فیصلوں کے ساتھ شری رام جنم بھومی کرتن چھیتر نیاس کے تشکیل کو بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی 67.703 ایکڑ تحویل میں لی گئی زمین بھی نیاس کو منتقل کرنے پر بھی کابینہ نے اپنی منظوری دی۔


پرکاش جاویڈکر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ مسجد کی تعمیر کے لئے دیئے گئے حکم کے مطابق پانچ ایکڑ زمین ایودھیا میں ہی دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔