جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 4 مرتبہ زلزلے کے ہلکے جھٹکے کیے گئے محسوس

مقامی محکمہ موسمیات نے بھی تصدیق کی ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران چار مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کم از کم چار مرتبہ زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق جموں و کشمیر میں ہفتے کی علی الصبح چار بجکر 18 منٹ اور چار بجکر 29 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت بالترتیب چار اعشاریہ ایک اور دو اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے اور ان کا مرکز جموں و کشمیر کے ہی علاقے تھے۔

سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق اس سے قبل لداخ میں جمعے کی رات نو بجکر تین منٹ اور جمعرات کی شام چار بجکر 14 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر ان زلزلوں کی شدت بالترتیب تین اعشاریہ 8 اور تین اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی ہے۔


مقامی محکمہ موسمیات نے بھی تصدیق کی ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران چار مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔

جموں و کشمیر میں ماضی میں زلزلوں نے بے تحاشہ تباہی مچائی ہے۔ 8 اکتوبر 2005 میں ہونے والے قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں ایل او سی کے آر پار زائد از 80 ہزار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی اور بے تحاشہ مالی نقصان ہوا تھا۔ ریکٹر اسیکل پر اس زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔