بھارت بند کے دوران بی جے پی رہنماؤں نے آگ بھڑکائی!

بھارت بند کے دوران ہوئے تشدد کے سلسلے میں کئی طرح کے انکشافات ہو رہے ہیں۔ ایک سچائی یہ بھی سامنے آئی ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے دکانیں بند کرائیں اور اعلیٰ ذات کے فردنے گولی چلائی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایس سی-ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کرنے کے خلاف پیر کے روز دلتوں کی طرف سے بلائے گئے بھارت بند کے دوران سب سے زیادہ تشدد کے واقعات مدھیہ پردیش سے سامنے آئے ہیں۔ لیکن اب جو خبریں سامنے آرہی ہیں ان سے ثابت ہوتا ہے کہ بند کے دوران بی جے پی کے کچھ رہنماؤں اور اعلی ذات سے وابستہ لوگوں نے نہ صرف زبردستی دکانیں بند کرائیں بلکہ تشدد کی آگ بھی بھڑکائی۔

سب سے زیادہ حیران کرنے والی تصایر اور ویڈیو مدھیہ پردیش کے گوالیار سے آئیں ہے۔ اس ویڈیو میں ایک شخص اپنے ہاتھ میں پستول لے کر گولی چلا رہا ہے۔ شروع میں اس شخص کو دلت بتایا گیا لیکن مدھیہ پردیش کے ایک دلت سماجی کارکن نے اس شخص کا پردہ فاش کر دیا۔ گولی چلانے والے شخص کی شناخت راجہ سنگھ چوہان کے بطور ہوئی ہے۔ سماجی کارکن دیواشیش جراریا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ شخص اسکول میں ان کا سینئر رہ چکا ہے اور بند کو بد نام کرنے کی سازش کے تحت اس نے گولی چلا کر تین افراد کو قتل کر دیا۔

دیواشیش جراریا کے اس انکشاف کے بعد ان کے دوستوں نے مدھیہ پردیش حکومت سے سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب، مدھیہ پردیش کے ہی آگار سے حیران کن تصایر سامنےآئیں ہیں۔ یہاں کے ایک عوامی نمائندہ کو زبردستی دکانیں بند کرتے دیکھا گیا۔ تصاویر میں آگر سے بی جے پی رکن اسمبلی گوپال پرمان بھارت بند کے دوران دکانیں بند کروا رہے ہیں، اسی وقت کسی نے ان کی ویڈیو بنا لی۔

تصاویر اور ویڈیوز کے بارے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے وہی کیا جو کرنا چاہئے تھا اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ان کے سیاسی مخالفین ان حالات کا فائدہ اٹھا لیتے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Apr 2018, 1:40 PM