تاج محل ہندوستان کی خوشحالی اور متنوع ثقافت کا بہترین نمونہ: ڈونالڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے تاج محل کے وزیٹر بک پر لکھا کہ ’’تاج محل ہمیں حیران کرتا ہے۔ اسے وقت میں قید کر کے نہیں رکھا جا سکتا۔ تاج محل ہندوستان کے خوشحال اور متنوع تہذیب کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ شکریہ ہندوستان۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

آگرہ: تاج محل کی خوبصورتی پر فدا ہونے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ہندوستان کی خوشحال اور متنوع ثقافت کا نمونہ ہے۔ ہندوستان کے دو روزہ دورے کے تحت پیر کو آگرہ پہنچے ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک گھنٹہ تاج محل کے احاطے میں گزارا۔ ٹرمپ اپنی بیگم میلانیا کا ہاتھ تھامے گائڈ سے انمول ورثے کے بارے میں معلومات حاصل کررہے تھے، وہیں ان کی بیٹی اور صلاح کار ایوانکا اپنے شوہر جیریڈ کشنر کے ساتھ تاج کی خوبصورتی کو دزدیدہ نگاہوں سے دیکھ رہی تھیں۔اس درمیان انہوں نے اپنے فون سے کئی فوٹوز بھی لئے۔


تاج محل پہنچ کر امریکی صدر نے ویزیٹر بک میں ایک پیغام بھی لکھا۔ انھوں نے جو کچھ انگریزی میں تحریر کیا اس کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہے’’تاج محل ہمیں متاثر اور حیران کرتا ہے۔اسے وقت میں قید کر کے نہیں رکھا جاسکتا۔ تاج ہندوستان کے خوشحال اور متنوع تہذیب کا جیتاجاگتا ثبوت ہے۔شکریہ ہندوستان۔‘‘

اس سے قبل ہند-امریکہ کے رشتوں میں مضبوطی فراہم کرنے کا اشارہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے تاج محل میں داخلے سے قبل اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’’امریکہ اور ہندوستان اپنے ممالک کو مضبوط بنائیں گے۔ اپنے لوگوں کو احترام فراہم کریں گے۔بڑے سپنے دیکھنے والوں کو اور بڑا بنائیں گے اور اپنا مستقبل پہلے سے کہیں زیادہ روشن بنائیں گے۔ یہ تو ابھی آغاز ہے‘‘۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ گجرات پہنچنے پر ٹرمپ نے ہندی میں ایک ٹوئٹ بھی کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا ’’خاتون اول اور میں اس ملک کے ہر شہری کو ایک پیغام دینے کے لئے دنیا کا 8000 میل کا چکر لگا کر یہاں آئے ہیں۔ امریکہ ہندوستان سے پیارکرتا ہے۔امریکہ ہندوستان کا احترام کرتا ہے۔ اور امریکہ کے لوگ ہمیشہ ہندوستان کے لوگوں کے سچے اور مخلص دوست رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔