جموں میں دوسرے دن بھی دفعہ 144 نافذ، سبھی اسکول بند

جموں کی ڈپٹی کمشنر سشما چوہان نے کہا کہ جموں ضلع میں اگلے حکم تک دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پابندیوں کے پیش نٖظر سبھی اسکول اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں میں ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندیاں منگل کو دوسرے دن بھی جاری ہیں اور یہاں پر سبھی سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند ہیں۔

مرکزی حکومت کے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے اور ریاست کی تشکیل نو کر کے جموں و کشمیر اور لداخ نام سے مرکز کے زیر انتظام دو ریاستیں بنانے کے فیصلے کے بعد یہاں کافی چوکسی برتی جا رہی ہے۔


جموں، کٹھوا، سمبا، پونچھ، ڈوڈا، راجوری اور ادھم پور سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو حکم جاری کر کے کہا گیا ہے کہ سبھی پرائیویٹ اور سرکاری اسکول سیکورٹی وجوہات سے اگلی ہدایت تک بند رہیں گے۔ جموں کی ڈپٹی کمشنر سشما چوہان نے کہا کہ جموں ضلع میں اگلے حکم تک دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پابندیوں کے پیش نٖظر سبھی اسکول اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔

ایک افسر نے بتایا کہ جموں علاقے کے سبھی اضلاع میں سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کی 40 کمپنیاں تعینات ہیں۔ ادھم پور ضلع میں چار، ریاستی ضلع میں ایک، راجوری ضلع میں آٹھ، پونچھ ضلع میں چھ اور ڈوڈا ضلع میں سی آر پی ایف کی 11 کمپنیاں تعینات ہیں۔ ساتھ ہی مختلف حصوں میں فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا، ’’جموں علاقے میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو ملتوی کر دیا گیا ہے اور احتیاط کے طور پر پورے علاقے میں پابندیاں لگادی گئی ہیں۔ مختلف اسکولوں اور جموں یونیورسٹی کے امتحانات اگلے حکم تک ملوتی کردیئے گئے ہیں۔ ان امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35اے کو ہٹانے اور ریاست کو تشکیل نو کرکے مرکز کے زیر انتظام دو ریاستیں جموں و کشمیر اور لداخ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔