مدھیہ پردیش کی عوام کو لگنے والا ہے ’بجلی‘ کا جھٹکا، بجلی کمپنیاں قیمت بڑھانے کی تیاریوں میں مصروف!
بجلی کمپنیاں جلد ہی مدھیہ پردیش کے لوگوں کو مہنگائی کا تحفہ دینے والی ہیں، کمپنیوں نے ریگولیٹری کمیشن کے سامنے ایک ٹیرف عرضی داخل کی ہے جس میں بجلی کی شرحیں 7.5 فیصد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہنگائی سے پریشان مدھیہ پردیش کی عوام کو نئے سال میں ایک زوردار جھٹکا لگنے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کے کروڑوں بجلی صارفین کو اب بجلی کے لیے زیادہ قیمت ادا کرنی ہوگی۔ دراصل ریاست کی سبھی بجلی کمپنیاں بجلی کی شرح بڑھانے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ کمپنیاں بجلی کی قیمت 7.52 فیصد بڑھانا چاہ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں کمپنیوں نے ریگولیٹری کمیشن کے سامنے ٹیرف عرضی داخل کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں فیصلہ اپریل ماہ سے پہلے آ سکتا ہے۔
جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق امکان ہے کہ اپریل سے ہی بجلی کی نئی شرح نافذ ہو جائے گی۔ ان خبروں کے درمیان کچھ لوگوں نے اپنا احتجاج درج کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ ظاہر ہے، بجلی کی شرح بڑھنے سے غریبوں کو مہنگائی میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔ ممکن ہے لوگوں کے احتجاج کو دیکھ کر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بہت زیادہ نہ ہو، لیکن بجلی کمپنیاں قیمتوں میں اضافہ کی تیاری کر چکی ہیں۔
بجلی کمپنیوں کے ذریعہ پیش ٹیرف عرضی کو پیش نظر رکھا جائے تو 50 یونٹ تک کی موجودہ شرح جو فی یونٹ 4.27 روپے ہے، وہ بڑھ کر 4.59 روپے ہو سکتی ہے۔ یعنی 50 یونٹ تک بجلی کی صارفیت میں 32 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ 51 سے 150 یونٹ تک کی موجودہ شرح فی یونٹ 5.23 روپے ہے، جو بڑھ کر 5.62 روپے ہو سکتی ہے۔ اسی طرح 150 سے 300 یونٹ تک کی موجودہ شرح فی یونٹ 6.61 روپے ہے جو بڑھ کر 7.11 روپے ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔