میڈیکل کالجوں کی تعداد میں مزید اضافہ کی ضرورت: نائب صدر جمہوریہ
ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ یہ شعبے سے وابستہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ طبی تعلیم کے ساتھ ساتھ ادویات بھی عام آدمی کے لیے سستی ہوں۔

حیدرآباد: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ملک بھر میں بالخصوص دیہی علاقوں میں اعلیٰ ترین معیار کی طبی سہولیات کی ضرورت کی نشاندہی کی اور کہا کہ ریاستی حکومتوں کو اس سمت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے ایک بار پھر ہمیں اپنے ملک میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت کی یاد دلائی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے یوم اساتذہ کے موقع پر حیدرآباد میں ایسوسی ایشن آف نیشنل بورڈ اکریڈیٹیڈ انسٹی ٹیوشنس (اے این بی اے آئی)کے سالانہ میڈیکل فیکلٹی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیکل کالجوں کی تعداد میں مزید اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ڈاکٹروں اور مریضوں کے تناسب میں فرق بہت زیادہ ہے۔ وینکیا نائیڈو نے افسوس کا اظہار کیا کہ کئی ڈاکٹرس دیہی علاقوں کے مقابلے میں شہری علاقوں میں کام کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ یہ شعبے سے وابستہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ طبی تعلیم کے ساتھ ساتھ ادویات بھی عام آدمی کے لیے سستی ہوں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے استعمال کو زیادہ قابل رسائی بنایا جائے۔ نائب صدر نے کہا کہ کورونا وبا نے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں سے شروع کرتے ہوئے سماج کے ہر فرد کو نئے سبق سکھائے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ اقدار کے ساتھ تعلیم فراہم کرنے کے سلسلہ میں ادارہ کی کوششوں کی ستائش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔