مشرقِ وسطیٰ کی جنگ نے ہندوستانی شیئر مارکیٹ کو کیا بے حال، سنسیکس 1636 پوائنٹس ٹوٹا، نفٹی 22400 کے نیچے
سنسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے بجاج فائنانس، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، انٹرگلوب ایوی ایشن، بجاج فِنسرو، ایکسس بینک اور کوٹک مہندرا بینک سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والوں میں شامل تھے۔
مغربی ایشیا میں جاری جنگ اور خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے سبب سرمایہ کاروں کو شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا۔ پیر کے روز شیئر بازار کے بنچ مارک اشاریے سنسیکس اور نفٹی مالی سال 2025-26 کے آخری کاروباری سیشن میں بھاری گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ ایشیائی بازاروں میں کمزور رجحان اور غیر ملکی فنڈز کی مسلسل نکاسی نے بھی گھریلو شیئرز میں مندی کے رجحان کو مزید بڑھا دیا۔ آج سرمایہ کاروں کے پورٹ فولیو میں تقریباً 9 لاکھ کروڑ روپے کی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
آج مسلسل دوسرے دن گراوٹ درج کرتے ہوئے، 30 شیئرز والا بی ایس ای سنسیکس 1,635.67 پوائنٹس یا 2.22 فیصد گر کر 71,947.55 پر بند ہوا۔ دن کے دوران یہ 1,809.09 پوائنٹس یا 2.45 فیصد گر کر 71,774.13 تک پہنچ گیا۔ 50 شیئرز والا این ایس ای نفٹی 488.20 پوائنٹس یا 2.14 فیصد گر کر 22,331.40 پر بند ہوا۔ دراصل ایران سے متعلق بڑھتے جنگی تناؤ کے باعث عالمی بازاروں میں اتھل پتھل دیکھنے کو ملی، جس کا اثر ہندوستانی کرنسی پر بھی پڑا۔ سرمایہ کاروں میں بڑھتی غیر یقینی صورتحال اور خطرے سے بچنے کے رجحان کے درمیان پیر کو کاروبار کے دوران روپیہ پہلی بار 95 فی ڈالر کی سطح کو عبور کر گیا۔ تاہم بعد میں اس میں ہلکی بحالی آئی اور یہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 94.78 پر مستحکم ہوتا نظر آیا۔
بہرحال، سنسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے بجاج فائنانس، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، انٹرگلوب ایوی ایشن، بجاج فِنسرو، ایکسس بینک اور کوٹک مہندرا بینک سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والوں میں شامل تھے۔ دوسری طرف ٹیک مہندرا اور پاور گرڈ کو فائدہ ہوا۔ مالی سال 2025-26 میں، بی ایس ای بنچ مارک 5,467.37 پوائنٹس یا 7 فیصد گر گیا، جبکہ نفٹی 1,187.95 پوائنٹس یا 5 فیصد نیچے آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔