جموں و کشمیر، گجرات، راجستھان اور بنگال کے لیے محکمہ موسمیات نے جاری کیا شدید بارش کا الرٹ

مغربی بنگال میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارش کا سلسلہ فی الحال تھمنے والا نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز کہا کہ جنوبی بنگال میں آئندہ چند دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ملک کی مختلف ریاستوں کے لیے ہفتہ سمیت آئندہ کچھ دنوں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جموں و کشمیر کئی جگہوں پر آج سے پھر بارش شروع ہو  گئی ہے۔ آئندہ 5 دنوں کے دوران ریاست کے کچھ حساس جگہوں پر اچانک سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور مٹی دھنسنے کا امکان ہے۔ 26 اور 27 جولائی کو کئی جگہوں پر طوفان کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ریاست میں 28 سے 31 جولائی تک زیادہ تر علاقوں میں گرج چمک اور طوفان کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ جموں ڈویژن کے کچھ اضلاع میں دیر رات، صبح اور دوپہر یا شام کے وقت بھاری بارش، اور کچھ دیر کے لیے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے راجستھان کے کئی اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ہفتے کے روز ریاست بھر میں بارش کے لیے اورنج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جمعہ کے روز سروہی، جودھ پور، باڑمیر، پالی اور جالور سمیت کئی اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماؤنٹ ابو میں 195 ملی میٹر (تقریباً 8 انچ) بارش ہوئی۔ راجستھان میں مانسون کے 27 جولائی تک سرگرم رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد 28 جولائی سے بارش کے سلسلوں میں تھوڑی کمی آنے کی امید ہے۔ جمعہ کو ریکارڈ کی گئی اہم بارشوں میں ماؤنٹ ابو (سروہی) میں 195 ملی میٹر، باپینی (جودھ پور) میں 81 ملی میٹر، کرن پور (شری گنگا نگر) میں 66 ملی میٹر، جوائی (پالی) میں 97 ملی میٹر، گڑھ بور (راجسمند) میں 47 ملی میٹر، کمبھل گڑھ میں 28 ملی میٹر، دیسوری (پالی) میں 38 ملی میٹر، پالی شہر میں 27 ملی میٹر، جواجا (اجمیر) میں 52 ملی میٹر، سرور (اجمیر) میں 50 ملی میٹر، کلیان پور (باڑمیر) میں 57 ملی میٹر اور بالوترا میں 56 ملی میٹر بارش شامل ہے۔


مغربی بنگال میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارش کا سلسلہ فی الحال تھمنے والا نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز کہا کہ جنوبی بنگال میں آئندہ چند دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ اتوار سے شمالی بنگال کے کئی اضلاع میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کولکاتہ میں واقع علی پور علاقائی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر حبیب الرحمن بسواس نے بتایا کہ مانسون کی ٹرف لائن راجستھان کے بیکانیر سے شمال مشرقی خلیج بنگال تک مدنا پور کے اوپر سے گزر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سطح سمندر کے اوپر ایک چکراتی ہواؤں کا دباؤ بھی سرگرم ہے، جس کی وجہ سے ریاست میں بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز جنوبی بنگال کے لیے شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تمام اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ پیر سے بارش کی شدت میں کچھ کمی آ سکتی ہے، لیکن بدھ کے روز ساحلی اور اس کے آس پاس کے اضلاع میں ایک بار پھر شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب شدید بارش کے باعث گجرات کے کئی اضلاع میں صورتحال کافی تشویشناک ہو گئی ہے۔ اہم شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں کے لیے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو آپریشن چلائی جا رہی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔ چانگوادر اور باؤلا کے درمیان سناتھل-بگودرا ہائی وے پر ٹریفک روک دیا گیا ہے۔ افسران نے گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویجلکا-بگودرا حصے سے دھولیرا ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں۔ راجکوٹ سے آنے والی گاڑیوں کو بھی متبادل راستے کا استعمال کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ افسران نے لوگوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور امدادی کاموں میں مصروف پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ احمد آباد-ورم گام ہائی وے بھی پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔


افسران نے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ماچھو-2 ڈیم کے گیٹ ہفتے کو کھولے جائیں گے، جس سے ندی میں تقریباً 49,000 کیوسک پانی چھوڑا جائے گا، کیونکہ بالائی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔ ڈیم کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ندی میں نہ جانے اور جانوروں اور سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ موربی شہر اور موربی تعلقہ کے 20 دیہاتوں کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔