’پانی پیتے رہیں اور احتیاط برتیں‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ میں اہل وطن کو دیا پیغام
وزیراعظم مودی نے کہا کہ تیز دھوپ اورگرم ہواؤں کے ساتھ ایسے موسم میں اپنا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ پانی پیتے رہیں۔ اگر دھوپ میں نکلنا پڑے تو احتیاط کے ساتھ نکلیں، متعلقہ محکموں کی ہدایات کو یاد رکھیں۔

ہندوستان کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وزیر اعظم مودی نے اتوار کو ’من کی بات‘ کے 134 ویں ایپی سوڈ میں کہا کہ اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں بہت گرمی پڑ رہی ہے۔ تیز دھوپ اور گرم ہواؤں کے ساتھ ایسے موسم میں اپنا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ پانی پیتے رہیں۔ اگر دھوپ میں نکلنا پڑے تو احتیاط کے ساتھ نکلیں۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ مختلف محکموں کی ہدایات کو نہ بھولیں۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گرمی سے لڑنے کا طریقہ اکثر کچن میں بھی ملتا ہے۔ آپ نے بھی دیکھا ہوگا کہ جیسے جیسے گرمی بڑھتی ہے، ویسے ویسے گھر میں رسوئی کا ذائقہ اور قسم بدل جاتی ہے۔ کہیں مٹکے کا پانی نکل آتا ہے، کہیں دہی جمنے لگتا ہے تو کہیں آم ابلنے لگتے ہیں اور پھر دیسی مشروبات کا موسم شروع ہوجاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کے روایتی موسم گرما کے مشروبات کی جڑیں ملک کے مختلف خطوں کے رسم و رواج اور ثقافتوں میں گہری ہیں۔ ہر پینے کی چیز ایک منفرد کہانی بیان کرتی ہے، جو مل کر ہندوستان کے متحرک تنوع کو ظاہر کرتی ہیں اور’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو تقویت دیتی ہیں۔
کچھ ریاستوں کی مثالیں دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آپ دیسی مشروبات سے بھی واقف ہیں، اگر آپ شمالی ہندوستان جائیں تو آپ کو بہت سی جگہوں پر آم پنا ملے گا، جو کچے آموں کا ذائقہ پیش کرتے ہیں اور گرمی سے راحت دیتے ہیں۔ پنجاب اور ہریانہ جایئے تو بڑے گلاس والی لسی مل جائے گی۔ راجستھان اور گجرات میں، چھاچھ جیسے ہر کھانے کی ساتھی بن جاتی ہے۔بہار، جھارکھنڈ اور مشرقی اتر پردیش میں ستو کا شربت ہے، ام مب پیٹ بھی بھرتا ہے اور طاقت بھی ملتی ہے۔
اس دوران وزیر اعظم مودی نے کونکن اور گوا سے کوکم شربت، جنوبی ہندوستان کے پا نکم ، سمبارم اور اڈیشہ کے بیل پنا کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مشروبات نہیں ہیں بلکہ ہندوستان کے مختلف خطوں کی روایات کا حصہ ہیں۔ ہم وطنوں کے نام اپنے پیغام میں وزیرا اعظم مودی نے ان پر زور دیا کہ وہ گرمیوں میں ہندوستانی مشروبات سے لطف اندوز ہوں۔
