دہلی میں ہنر ہاٹ: دیسی کاریگر، دستکار اور مجسمہ ساز کریں گے ہنرمندی کا مظاہرہ

دیسی کاریگروں، دستکاروں اور مجمسہ سازوں کے 26 ویں ’ہنر ہاٹ‘ کا انعقاد وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے 21 فروری 2021 سے یکُم مارچ 2021 کے درمیان ’ووکل فارلوکل‘ کے عنوان سے کیا جا رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: 21 فروری کو دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ملک بھر کے کاریگروں، دستکاروں اور مجسمہ سازوں کی دیسی مصنوعات کی 26 ویں ’ہنر ہاٹ‘ کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔ ’ہنر ہاٹ‘ کی افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے بحری جہاز و آبی شاہراہ (آزادانہ چارج) منسکھ مانڈویہ مہمان خصوصی ہوں گے اور لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی مہمان خصوصی ہوں گی۔ دیسی کاریگروں، دستکاروں اور مجمسہ سازوں کے 26 ویں ’ہنر ہاٹ‘ کا انعقاد وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے 21 فروری 2021 سے یکُم مارچ 2021 کے درمیان ’ووکل فارلوکل‘ کے عنوان سے کیا جا رہا ہے۔

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے بتایا کہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ اس ’ہنر ہاٹ‘ میں آندھرا پردیش، آسام، بہار، چنڈی گڑھ، چھتیس گڑھ، دہلی، گوا، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں۔کشمیر، جھارکھنڈ، کرناٹک، کیرالہ، لداخ، مدھیہ پردیش، منی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، اوڈیشہ، پڈوچیری، پنجاب، راجستھان، سکم، تمل ناڈو، تلنگانہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ،مغربی بنگال سمیت ملک کی 31 سے زائد ریاستوں / مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں سے 600 سے زائد دیسی کاریگر، دستکار اور مجسمہ ساز اپنی شاندار دیسی مصنوعات کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔


مختار نقوی نے کہا کہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ ’ہنر ہاٹ‘ میں ایک ہی چھت کے نیچے ملک کے کونے کونے سے دیسی ساخت کی نایاب مصنوعات دیکھنے اور خریدنے کو ملیں گی۔ ’ہنر ہاٹ‘ کے ’باورچی خانے‘ میں ملک کے تمام صوبوں اور خطوں کے لذیذ اور روایتی پکوانوں کا یہاں آنے والے لوگ لطف اٹھائیں گے۔ ساتھ ہی ملک کے مشہور فنکاروں کے مختلف ثقافتی، گیت، سنگیت کے شاندار پروگراموں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ ’ہنر ہاٹ‘ میں آنے والے لوگ ایک ہی جگہ پر ہندوستان کی ’تکثیریت میں اتحاد‘ کی طاقت کا احساس کر سکیں گے۔

مختار نقوی نے کہا کہ وزارتِ اقلیتی امور کے ذریعہ ملک بھر کے دستکاروں، مجسمہ سازوں کی دیسی مصنوعات کو عوام تک پہنچانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے ’پرفیکٹ پلیٹ فارم‘ ’ہنر ہاٹ‘ کے ذریعہ اب تک پانچ لاکھ سے زائد دستکاروں، مجسمہ سازوں، کاریگروں اور فنکاروں کو روزگار اور روزگار کے مواقع سے جوڑ دیا گیا ہے۔ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے ساتھ 75 ہنر ہاٹ کے ذریعہ سات لاکھ 50 ہزار دستکاروں، مجمسہ سازوں کو روزگار کے مواقع سے جُو ڑا جائے گا۔


اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ ’ہنر ہاٹ‘ ای۔پلیٹ فارم پورٹل کے ذریعہ ملک اور بیرونِ ممالک میں بسنے والے لوگوں کے لئے بھی دستیاب ہے، جہاں لوگ براہ راست دستکاروں، مجسمہ سازوں، کاریگروں کی بہترین دیسی اشیاء کو دیکھ اور خرید رہے ہیں۔ ’ہنر ہاٹ‘ کو ای۔پلیٹ فارم پورٹل جانے سے زبردست نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے تحت دستکاروں، مجسمہ سازوں اور کاریگروں کو بڑے پیمانے پر آن لائن آرڈر بھی مل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔