کورونا کے نئے ویرینٹ کا خوف، چنڈی گڑھ میں ماسک لگانا ضروری

کورونا کے نئے ویرینٹ جے این.1 کے ملک میں دستک دینے کے بعد ریاستوں نے اصولوں کو تبدیل کر دیا ہے، جبکہ مرکز نے نئی رہنما ہدایات بھی جاری کر دیئے ہیں

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک ابھی تک کورونا کی وبا سے پوری طرح نجات نہیں پا سکا تھا کہ اب اس کے نئے سب ویرینٹ جے این.1 نے دستک دے دی ہے۔ کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملوں نے ایک بار پھر ملک میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔ کورونا کے نئے ویرینٹ جے این.1 کے کل 21 معاملے سامنے آ چکے ہیں اور آہستہ آہستہ ان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ریاستوں میں مختلف اصول نافذ کئے گئے ہیں۔

کورونا کے نئے ویرینٹ کے پیش نظر چنڈی گڑھ انتظامیہ نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے اور عوام کو ایک بار پھر ماسک لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گنجان علاقوں میں ماسک ضرور پہنیں۔ وہیں، بھیڑ والے علاقوں میں جانے سے بچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


کرناٹک میں کووڈ 19 کے 20 نئے معاملے رونما ہوئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے دو اور افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاستی محکمہ صحت نے بدھ (20 دسمبر) کو بلیٹن جاری کر کے یہ معلومات دی۔ بلیٹن کے مطابق 16 دسمبر کو بنگلورو میں ایک 44 سالہ مریض کا انتقال ہو گیا، جبکہ 17 دسمبر کو 76 سال کے ایک مریض کی موت ہو گئی۔ ان میں سے ایک کو مریض میں بیماری کی علامات نہیں تھیں، جبکہ دوسرے مریض کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

دہلی کے وزیر صحت سورابھ بھدواج نے بدھ کے روز کہا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ ہے لیکن اس کی علامات ہلکی ہیں اور قومی دارالحکومت کی حکومت پوری طرح سے چوکس ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات میں اضافے کے درمیان عہدیداروں نے بتایا کہ دہلی حکومت جینوم کی ترتیب کی نگرانی میں اضافہ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔