ای ڈی نے انل امبانی کی قیادت والے ریلائنس گروپ کے مزید 510 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کر لیے
ای ڈی نے انل امبانی گروپ سے جڑے مبینہ دھوکہ دہی کے معاملات میں کئی اثاثے ضبط کیے ہیں۔ ان میں طیارے، بینک کھاتوں میں جمع رقم، فکسڈ ڈپازٹ، غیر منقولہ جائیدادیں اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انل امبانی گروپ سے جڑے مبینہ دھوکہ دہی کے معاملات میں کئی اثاثے ضبط کیے ہیں۔ ان میں طیارے، بینک کھاتوں میں جمع رقم، فکسڈ ڈپازٹ، غیر منقولہ جائیدادیں اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔ ان تمام اثاثوں کی مجموعی مالیت 510 کروڑ روپے ہے۔ ایجنسی نے منگل (3 نومبر) کو جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ ریلائنس ہوم فائننس لمیٹڈ اور ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ کے بینک فراڈ معاملے میں 263.05 کروڑ روپے کے اثاثے قرق کیے گئے ہیں، جبکہ ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ (آر کام) سے متعلق بینک معاملے میں 247.12 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے ہیں۔
’آر کام‘ معاملے میں ضبط کیے گئے اثاثوں میں 2 چارٹرڈ طیارے، مہاراشٹر میں زمین کے 6 پلاٹ اور دفتری احاطے شامل ہیں۔ دوسری جانب آر سی ایف ایل اور آر ایچ ایف ایل کے معاملے میں تمل ناڈو میں 2 ونڈ ملز، بینک کھاتوں میں جمع رقم، فکسڈ ڈپازٹ، سرمایہ کاری اور قابل وصول رقوم ضبط کی گئی ہیں۔ ان تازہ ضبطیوں کے ساتھ ای ڈی اب تک منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) اور فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے التزامات کے تحت ریلائنس انل امبانی گروپ کے خلاف زیر تفتیش مختلف معاملات میں تقریباً 23100 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کر چکا ہے۔
ای ڈی نے یہ تحقیقات دہلی میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، دہلی پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ اور ممبئی پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ کی جانب سے درج کی گئی متعدد ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی تھیں۔ ای ڈی نے فیما کے تحت بھی 2 معاملات کی تحقیقات کی ہیں۔ تحقیقات کے دائرے میں شامل کمپنیوں میں میسرز ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ، میسرز ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ، میسرز ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ، میسرز ریلائنس انفرااسٹرکچر لمیٹڈ، میسرز ریلائنس پاور لمیٹڈ اور میسرز ریلائنس کیپٹل لمیٹڈ شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ریلائنس انل امبانی گروپ کے خلاف ای ڈی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گروپ بینکوں اور مالیاتی اداروں سے حاصل کیے گئے عوامی فنڈز میں ہیر پھیر، کمپنیوں کے اثاثوں کو ذاتی استعمال کے لیے دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کی غرض سے دیوالیہ پن اور قرض کی عدم ادائیگی سے متعلق ضابطہ (آئی بی سی) کے قانون کے غلط استعمال اور ہندوستان سے عوامی فنڈز کو بیرون ملک ٹیکس کی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ان رقوم کے ایک بڑے حصے کا استعمال پروموٹرز اور ان کے اہل خانہ کے ذاتی فائدے کے لیے کیا گیا۔ ای ڈی نے ان معاملات میں 10 افراد کو گرفتار کیا ہے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت استغاثہ کی 6 شکایتیں دائر کی ہیں۔ اس کے علاوہ فیما کے التزامات کے تحت بھی ایک شکایت درج کی گئی ہے۔ ساتھ ہی معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
