’عطیات چوری کا واقعہ رام مندر پر ایک ’داغ‘ ہے‘، ایودھیا پہنچے رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نرپیندر مشرا کا ردعمل
نرپیندر مشرا نے رام مندر عطیات چوری معاملے پر کہا کہ ’’یہ واقعہ رام مندر پر ایک داغ ہے۔ ٹرسٹ کے خزانچی گووند دیو گیری اس پورے معاملے پر مسلسل معلومات شیئر کر رہے ہیں اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔‘‘
رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نرپیندر مشرا ہفتہ (11 جولائی) کو ایودھیا پہنچے، جہاں انہوں نے شری رام جنم بھومی مندر کی تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے رام مندر میں عطیات چوری کے معاملے کو ’رام مندر پر ایک کلنک (داغ)‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مندر کی تعمیر اور احاطے میں جاری مختلف منصوبوں کی ڈیڈ لائن بھی شیئر کی۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق ایودھیا پہنچے رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نرپیندر مشرا نے رام مندر میں عطیات چوری کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ واقعہ رام مندر پر ایک داغ ہے۔ ٹرسٹ کے خزانچی گووند دیو گیری اس پورے معاملے پر مسلسل معلومات شیئر کر رہے ہیں اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات میں جو بھی شخص قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کرتے ہوئے سزا دلائی جائے گی۔
مندر کی تعمیر کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے نرپیندر مشرا نے بتایا کہ ’’30 جولائی تک رام مندر کے اہم تعمیراتی کام مکمل ہونے کی امید ہے۔ حالانکہ 24 گھنٹے روشن رہنے والی ’اکھنڈ جیوتی‘ (مستقل شمع) کے انتظامات کا کام ابھی باقی ہے، جبکہ دیگر بڑے تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’’مندر کے احاطے کی تقریباً 4 کلومیٹر لمبی پرکوٹا (باؤنڈری وال) کی تعمیر 30 ستمبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ مندر کے احاطے سے باہر بن رہے آڈیٹوریم کی تعمیر نومبر یا دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔‘‘
رام کتھا میوزیم کے حوالے سے ہوئے نرپیندر مشرا نے کہا کہ ’’میوزیم کی 20 گیلریوں کی اسٹوری لائن تیار ہو چکی ہے۔ اب تکنیکی پیشکش، ڈیجیٹل انسٹالیشن اور ویڈیو مواد کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تاکہ میوزیم زائرین اور سیاحوں کے لیے جدید اور پرکشش تجربہ فراہم کر سکے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
