’ریپ ایسی چیز ہے جو رُک نہیں سکتی‘، بی جے پی لیڈر کا شرمناک بیان

راجستھان کے سابق وزیر کالی چرن شراف کا عصمت دری معاملہ پر متنازعہ بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ عصمت دری ایک ایسی چیز ہے جو رُک نہیں سکتی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان بی جے پی کے سینئر لیڈر کالی چرن شراف نے خواتین سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ ان کی نظر میں خواتین اور معصوم بچیوں کی عصمت دری ایک چھوٹی چیز ہے۔ عصمت دری معاملہ پر متنازعہ بیان دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ریپ ایک ایسی چیز ہے جو رک نہیں سکتی، لیکن 87 فیصد اضافہ جو ریپ معاملوں میں ہوا ہے وہ فکر انگیز ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بات اتوار کے روز بھرت پور میں بی جے پی کی ایک تقریب کے دوران کہی۔

سابق وزیر کالی چرن شراف نے جے پور میں معصوم بچی سے حیوانیت کو گھناؤنا جرم قرار دیا۔ کالی چرن شراف نے بھرت پور قیام کے دوران پہلو خان اور اس کی فیملی کو گائے کی اسمگلنگ کا ملزم بھی قرار دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں دوبارہ جانچ کرانا افسوسناک ہے۔


اس سے قبل بی جے پی رکن اسمبلی اور سابق وزیر کالی چرن شراف کے خلاف سرکاری کام میں رخنہ پیدا کرنے کے تعلق سے معاملہ درج ہوا تھا۔ کالی چرن کے خلاف میونسپل کارپوریشن اینمل ٹریٹمنٹ افسر نے سرکاری کام میں رخنہ پیدا کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ اتنا ہی نہیں، رکن اسمبلی شراف کے بیٹے کے خلاف بھی ایک دیگر معاملے میں بجاج نگر تھانہ میں معاملہ درج ہوا ہے۔ بتا دیں کہ بی جے پی لیڈر کالی چرن شراف مالویہ نگر سے رکن اسمبلی ہیں۔ راجستھان کی وسندھرا حکومت میں وہ وزیر تعلیم رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jul 2019, 9:10 PM